چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 1665 تک پہنچ گئیں

یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ وبا کا پھیلاؤ کس جانب جائے گا، عالمی ادارہ صحت اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے چین سے مزید تفصیلات طلب کرلیں ، رپورٹ

اتوار 16 فروری 2020 19:50

چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 1665 تک پہنچ گئیں
بیجنگ /میونخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2020ء) چین میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کی ہلاکتیں ایک ہزار 665 سے تک پہنچ گئیں جبکہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ وبا کا پھیلاؤ کس جانب جائے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر وائرس کے پھیلنے پر تشویش برقرار ہے جو پہلی مرتبہ چین کے وسطی صوبے ہوبے میں دسمبر کے مہینے میں سامنے آیا جبکہ ایشیا کے باہر فرانس میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی ہے۔

چین میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 665 ہوگئی ہیں جبکہ گزشتہ روز سے اب تک اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 142 بتائی گئی ہے اور 68 ہزار افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہوبے میں نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل تیسرے روز کمی دیکھی گئی جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 139 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید ہلاکتیں سامنے نہیں آئیں۔

علاوہ ازیں ملک کے دیگر حصوں میں کیسز کی تعداد میں مسلسل 12 روز سے کمی دیکھی جارہی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ادھانوم نے خبر دار کیا ہے کہ یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ وبا کا پھیلاؤ کس جانب جائے گا۔جرمنی کے شہر میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام حکومتوں، کمپنیوں اور نیوز اداروں سے ساتھ میں کام کرنے کی درخواست کرتے ہیں کہ بے چینی پھیلائے بغیر مناسب انتباہ پھیلایا جاسکے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے چین سے مزید تفصیلات طلب کرلی ہیں کہ اس کی تشخیص کس طرح کی جارہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم رواں ہفتے چینی حکام سے ملاقات اور مشترکہ مشن کے آغاز کے لیے بیجنگ پہنچے گی۔جاپانی وزیر صحت کاٹسونوبو کاٹو کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز میں مزید 70 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے جس کے بعد اس میں موجود کیسز کی مجموعی تعداد 355 ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کارنیوال کارپوریشن کے ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز کو 3 فروری کو یوکوہاما پہنچنے کے بعد سے ایک شخص میں کورونا وائرس کی موجودگی کی اطلاع پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔بحری جہاز میں 3 ہزار 700 مسافر اور عملہ موجود ہے اور جن افراد میں وائرس کی تشخیص ہورہی ہے انہیں جاپان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا ہے ،جہاز میں وائرس سے تاحال کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والے اس کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 68 ہزار 500 سے زائد افراد متاثر جبکہ مجموعی طور پر ایک ہزار 665 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں اسے اکثریت چین سے ہی ہے اور چین کے علاوہ جو 3 اموات ہوئیں وہ فرانس، فلپائن، ہانگ کانگ اور جاپان میں سامنے آئیں اس کے علاوہ اس وائرس کے مرکز صوبہ ہوبے اور اس کے دارالحکومت ووہان میں اس وقت 5 کروڑ 60 لاکھ افراد قرنطینہ میں رہ رہے ہیں اور ان شہروں کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ۔

یاد رہے کہ چین سے شروع ہونے والے اس کورونا وائرس سے چین کو نہ صرف معاشی بلکہ کھیلوں کے حوالے سے بھی نقصان اٹھانا پڑا اور آسٹریلوی حکومت کی جانب سے عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے چین کی جمناسٹکس ٹیم آئندہ ہفتے میلبورن میں ہونے والے ورلڈ کپ جمناسٹکس 2020 سے باہر ہوگئی۔