مریم نواز نے نام ای سی ایل سےنکالنے کیلئے ایک اوردرخواست دائر کردی

متفرق درخواست میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو ای سی ایل کیس کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 فروری 2020 20:59

مریم نواز نے نام ای سی ایل سےنکالنے کیلئے ایک اوردرخواست دائر کردی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی ہے، متفرق درخواست میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو مریم نوازکیس کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ہائیکورٹ میں اپنے والد نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیس کا حصہ بنانے کی متفرق درخواست دائر کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے عدالت میں متفرق درخواست امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے۔ کل منگل کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ  متفرق درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جان بچانے کیلئے کورونری انجیو گرافی بڑی اہم ہے، اگر انجیو گرافی نہ کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے دل کو خون کی روانی میں بھی تسلسل سے نہیں ہے۔  جبکہ غیر متوازن پلیٹ لیٹس کی وجہ سے ان کا علاج مئوخر ہوتا رہا ہے۔ مزید برآں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو جھکانے اور بلیک میل کرنے کیلئے مریم نواز پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مریم نوازکو باہر جانے کی اجازت نہ دینے کا مقصد میاں نواز شریف کو تکلیف پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز عدالتوں سے ضمانت پر ہیں اور ان کی سزا معطل ہے تو پھر انہیں کیوں باہر جانے نہیں دیا جا رہا۔ حکومت کا مریم نواز کو والد کی تیمارداری کی اجازت نہ دینے کا کوئی جواز نہیں، مریم نواز پر نیب قانون لاگو کیا گیا حالانکہ وہ کبھی کسی سرکار ی عہدہ پرفائزنہیں رہیں۔ مریم نواز کو والد کی تیمارداری اور علاج کیلئے نہ بجھوانا غیرانسانی اور غیرقانونی ہے۔ حکومت سے کچھ امید نہیں، عدالت سے پرامید ہیں کہ اجازت مل جائے گی۔