ایم ڈی پی ٹی وی اور چیئرمین پی ٹی وی کی تعیناتی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چار پرائیویٹ ممبران کی تقرری چیلنج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، کابینہ ڈویڑن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے

بدھ 19 فروری 2020 13:51

ایم ڈی پی ٹی وی اور چیئرمین پی ٹی وی کی تعیناتی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایم ڈی پی ٹی وی اور چیئرمین پی ٹی وی کی تعیناتی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چار پرائیویٹ ممبران کی تقرری چیلنج کر دی گئی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، کابینہ ڈویڑن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔ بدھ کو کیس کی سماعت سنگل بنچ جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاکہ وفاقی حکومت آئندہ سماعت تک پیروائز کمنٹس جمع کرائے۔درخواست گزار شہری محمد شفیع کی جانب سے وکیل عمیر بلوچ عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔وکیل عمیر بلوچ نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان اور ایم ڈی عامر منظور کی تعیناتی میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے،پرائیویٹ بورڈ ممبرز راشد علی خان، زبیر اے خالق، فرمان اللہ جان اور علی بخاری کی تعیناتی بھی غیر قانونی ہوئی۔

(جاری ہے)

وکیل عمیر بلوچ نے کہاکہ تقرری کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر نہیں رکھا گیا ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل دوبارہ کی جائے۔ وکیل عمیر بلوچ نے کہاکہ چئیرمین، ایم ڈی پی ٹی وی اور چار ممبران بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کالعدم قرار دی جائے۔وکیل عمیر بلوچ نے کہاکہ چیئرمین، ایم ڈی اور بورڈ ممبرز کی دی جانے والی مراعات واپس لینے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 6 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔