آنے والی نسلوں کو پولیو جیسے مہلک مرض کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، عرفان اقبال شیخ

یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے ،ہر ایک کو اس بیماری کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

بدھ 19 فروری 2020 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسل کو پولیو جیسے مہلک مرض کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے ،ہر ایک کو اس بیماری کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک پولیو سے پاک پاکستان کا ہدف حاصل نہیں کر لیتے ہمیں اس کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

صدر لاہور چیمبر نے حکومت ، سکیورٹی فورسز اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے پولیو آگاہی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے جیسے اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومت پر زور بھی دیا کہ وہ ملک بھر میں ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر نے پولیو ٹیموں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ ان کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہلک مرض سے بچائو کیلئے سب سے ضروری چیز اس سے متعلق آگاہی ہے ۔ پولیو کے خاتمے میں خواتین اہم کردار کر سکتی ہیںتاہم خواتین کو پولیو سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ،تاکہ وہ پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ ہو سکیں اور اپنے بچوں کو باقاعدگی سے پولیو کے قطرے پلوائیں۔ اس سے ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور لبارڈ کے نام سے ایک ادارہ معذور افراد کی بحالی کیلئے گذشتہ دو دہائیوں سے کام کر رہا ہے۔