حکومت احساس پروگرام سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 19 فروری 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت احساس پروگرام سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے ۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریبوں کی سہولت کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز پر روز مرہ استعمال کی اشیاء پر پہلے ہی سبسڈی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں ترقی اور استحکام کے لئے وسیع تر قومی مفاد میں زبردست اقدامات اور ٹھوس فیصلے کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت برسر اقتدار آئی تو ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا تھا تاہم اب معیشت صحیح سمت پر آگئی ہے، میکرو اکنامک اشاریئے بہتر جارہے ہیںجسے عالمی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گندم اور چینی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عظیم لیڈر ہمیشہ قوم کو بحران سے باہرنکال لیتا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں تجاویز دیتے ہوئے مثبت سیاست کرے ۔