کویت میں خوف اور دہشت کی علامت نقاب پوش ڈاکو گرفتار

ملزم نے صرف ایک ہفتہ کے دوران 13 منی چینجرز کی دُکانیں لُوٹ ڈالی تھیں، مگر اپنی ہوشیاری کے باعث صاف بچ نکلتا تھا

جمعرات 20 فروری 2020 12:19

کویت میں خوف اور دہشت کی علامت نقاب پوش ڈاکو گرفتار
کویت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء) کویت میں گزشتہ کچھ دِنوں سے اچانک اپنی خوف اور دہشت طاری کر دینے والا نقاب پوش چور بالآخر گرفتار کر لیا گیا۔ کویتی اخبار القبس کے مطابق ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ 14 ویں واردات کرنے میں مصروف تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کویتی شہری ہے اور نشے کا عادی ہے۔ملزم اپنی شناخت چھپانے کے لیے وارداتوں کے دوران ایک مخصوص نقاب اور لباس پہنے رکھتا تھا۔

تاکہ کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے دوران اس کے چہرے کی شناخت نہ ہو سکے ۔ملزم نے ایک رات میں تین دُکانوں پر بھی چوری کی وارادت انجام دی تھی۔ اس نے صرف ایک ہفتے کے دوران شہر کی جیولری مارکیٹ میں موجود 13 منی چینجرز کی دُکانوں کا صفایا کر کے وہاں سے کروڑوں دینار لُوٹ ڈالے تھے، مگر اس کی ہوس ختم ہونے کا نام نہ لے رہی تھی۔

(جاری ہے)

مزید رقم چرانے کے لالچ نے بالآخر اسے گرفتار کروا ہی دیا۔

ملزم نے تمام وارداتوں میں ایک ہی طریقہ کار اپنایا جس کی بناء پر پولیس کو اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ تمام وارداتیں ایک ہی فرد یا گروہ کی جانب سے کی جا رہی ہیں۔ ایک درجن سے زائد وارداتوں کے بعد چور کو پکڑنے میں ناکامی پر پولیس کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھاجس کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی اور جیولری مارکیٹ میں خفیہ اہلکاروں کا گشت اور نگرانی بڑھا دیا گیا۔

وقوعے روز ملزم اپنے مخصوص حُلیے میں جیولری مارکیٹ پہنچا اور واردات میں مصروف ہو گیا۔ تاہم اسی دوران مختلف مقامات پر چھُپے پولیس اہلکاروں نے اس پر دھاوا بول دیا اور اسے بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کی تفتیش کے دوران ملزم کے گھر اور گاڑی سے واردات میں استعمال ہونے والے اوزار بھی برآمد کر لیے گئے جن کی مدد سے وہ پہلی تمام وارداتوں میں دُکانوں کے تالے توڑ چکا تھا۔

ملزم نے بتایا کہ وہ نشے کا عادی ہے اور دِن کے وقت وہ صرافہ مارکیٹ میں گھوم پھر کر اپنے ہدف کا انتخاب کرتا اور پھر رات کو واردات انجام دیتا۔ کچھ روز قبل ایک کویتی خاتون کے ساتھ بھی واردات ہوئی جب اس خاتون کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر اپنے خاوند کے لیے گلدستہ خریدنا مہنگا پڑ گیا۔القبس اخبار کے مطابق اپنے خاوند کو محبت بھرا تحفہ دینے کی خاطر وہ گھر سے نکلی تو راستے میں اُسے ایک سڑک کنارے گُل فروش کی دُکان نظر آئی۔

خاتون گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں ہی چھوڑ کر باہر اور دُکان پر ایک گلدستے کا انتخاب کرنے میں اس طرح سے مگن ہوئی کہ اُسے پتا بھی نہ چلا کہ کب موقع کی تاک میں موجود ایک چور اُس کی گاڑی میں بیٹھااور جھٹ سے لے اُڑا۔ خاتون کی نظر جب گاڑی والی جگہ پر پڑی تو یہ دیکھ کر اس کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے کہ وہاں سے گاڑی غائب ہو چکی تھی ۔ یہ واردات الجابریہ کے علاقے میں پیش آئی۔

خاتون نے فوراً پولیس اسٹیشن جا کر گاڑی چوری کی رپورٹ درج کرا دی۔ خاتون نے بتایا کہ وہ گاڑی سٹارٹ چھوڑ کر محض چند قدم کے فاصلے پر موجود دُکان میں گئی تھی۔ اور گلدستے کے پیسے ادا کرنے کے بعد اُس نے واپس مڑ کر دیکھا تو گاڑی وہاں موجود نہ تھی۔ اس کام میں اسے بمشکل دو منٹ لگے ہوں گے۔ پولیس کی جانب سے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔