مکہ مکرمہ کی تقدیس کو نقصان پہنچانے والی میوزک ویڈیو وائرل ہو گئی

چند مقامی لڑکیوں نے اپنے بے ہودہ ڈانس کی ویڈیو شیئر کی اور اپنا تعارف ’مکہ کی بیٹی‘ کے طور پر کرایا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 فروری 2020 10:58

مکہ مکرمہ کی تقدیس کو نقصان پہنچانے والی میوزک ویڈیو وائرل ہو گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2020ء) مکہ مکرمہ دُنیا بھر کے لوگوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔ اسی وجہ سے اس کی حُرمت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ تاہم کچھ عرصہ سے دُنیا کے اس مقدس ترین شہر میں بے حیائی پر مبنی ایسے واقعات ہو رہے ہیں جنہوں نے تمام مسلمانوں کے دِل مجروح کر دیئے ہیں۔ اب ایسا ہی ایک اور تازہ ترین واقعہ سامنے آیا ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق مکّہ مکرمہ میں چند مقامی لڑکیوں نے یورپی ناچ کرتے ہوئے اس کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی اور سب سے شرمناک بات یہ ہے کہ ایک ڈانسر نے ویڈیو میں خود کو بڑے فخر سے ’مکّہ کی بیٹی‘ بتایا ہے۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سعودی عرب میں عوام اور تارکین بہت مشتعل ہیں۔ اور اس لڑکی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے متعلقہ اداروں کو احکامات صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ گروپ کو گرفتار کرکے واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔گورنر مکہ نے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی موسیقی ہماری ثقافت اور اقدار کے خلاف ہے۔ گورنر نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ گروپ کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد لوگوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اس ضمن میں ایک فاتن نامی ایک صارف نے اپنے ٹویٹ میں مذکورہ گروپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اپنی حجاب و اقدار کا احترام کرو۔کیا تمہیں اس مقدس شہر کے بارے میں معلوم ہے۔ مکہ تمام مسلمانوں کے لیے ریڈلائن ہے۔‘ایک اور صارف زیڈ ایل شریف نے اپنے ٹویٹ میں تحریر کیا ہے کہ ’میں اور میرا خاندان برسوں سے مکہ میں مقیم ہے۔

اس قسم کی حرکتیں اہل مکہ سے منسوب نہ کی جائیں۔ یہ لڑکی ہماری نہیں صرف اپنی نمائندگی کرتی ہے‘۔محمد الغامدی کا کہنا تھا کہ ’ یہ کونسی مکہ کی لڑکی ہے جو خود کو اہل مکہ بتاتی ہے اس کا مکہ اور اہل مکہ سے کوئی تعلق نہیں۔ اللہ تعالیٰ مکہ اور اس کی خواتین کو اس لڑکی کے شر سے محفوظ رکھے۔محمد المسمعی نے کہا کہ’اللہ تعالیٰ مکہ اور اہل مکہ کو فتنوں سے محفوظ رکھے‘۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں 29 جنوری کو سوشل میڈیا اسٹار خاتون فوز العتیبی کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر اور ویڈیوز نے عوام کو شدید مشتعل کیا تھا۔ فوز العُتیبی نے 29 جنوری کواپنی ایک انتہائی شرمناک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ ایک مشہور ثقافتی مقام پر اپنے خاوند کے ساتھ سر عام بوس و کنار میں مصروف ہے اس موقع پر اس نے سفید رنگ کا ایسا فراک پہن رکھا ہے جس میں اُس کا جسم عریانی کی حدوں کو چھو رہا ہے۔

ابھی صارفین اس تصویر ِپر ہی اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے تھے کہ بے باک نظریات کی حامل فوز العتیبی نے اگلے روز یعنی 30 جنوری کو اپنی ایک انتہائی شرمناک ویڈیو بھی پوسٹ کر ڈالی۔ اس ویڈیو میں بھی وہ اسی مشہور سیاحتی مقام پر موجودہے جہاں ایک قدیم دور کی بلڈنگ کے تہہ خانے میں بنی سیڑھیوں سے نیچے اُتر رہی ہے۔ اس ویڈیو میں بھی اس نے وہی مختصر سا فراک پہن رکھا ہے جو اُس کے گھنٹوں سے بھی اُوپر ہے۔ فوز العتیبی بڑے باک انداز میں اس عمارت کے تہہ خانے میں داخل ہو کر وہاں بنے ایک کنوئیں کے پاس جاتی ہے۔ اس کا انداز رقص اور جھُومنے جیسا ہوتا ہے جس کے باعث اُس کا مختصر لباس اُس کے جسم کو ڈھانپنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔