پی ایس ایل میں علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں؟: احمد گوڈیل کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 فروری 2020 12:31

پی ایس ایل میں علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں؟: احمد گوڈیل کا دعوی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 5 کی افتتاحی تقریب پر ہوئے تنازع کے حوالے سے ہر گزرتے دن ایک نئی اور حیران کن خبر سامنے آرہی ہے۔ ایک جانب افتتاحی تقریب کو شائقین اور ستاروں دونوں کی جانب سے ناپسند کیا گیا وہیں مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ علی ظفر کو پی ایس ایل ترانوں کے لیے واپس لایا جائےتاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ پی ایس ایل میں علی ظفر کی جانب سے گائے گانوں کو چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے میزبان وسیم بادامی نے اپنے ایک شو میں علی ظفر سے ٹیلی فون کے ذریعے بات چیت کی اور اس دوران انہوں نے علی ظفر کے ساتھ ساتھ عوام کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل کی ایک ویڈیو بھی دکھائی جس میں انہوں نے تقریب کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیا۔

(جاری ہے)

اپنی ویڈیو میں احمد گوڈیل کا کہنا تھا کہ فیمنزم اپنی جگہ، می ٹو اپنی جگہ، پر ابھی تک علی ظفر پر الزام ثابت نہیں ہوا اور سننے میں آیا تھا کہ میشا شفیع کیس بھی ہار چکی ہیں لیکن پی ایس ایل میں مجھے اجازت نہیں کہ میں علی ظفر کا کوئی بھی گانا چلا سکوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجائے اس کے کہ ہم پرانی باتوں کو بھلائیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں، ہمیں اس سب کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ احمد گوڈیل کا مزید کہنا تھا کہ’میں نہیں جاتنا مستقبل میں کیا ہوگا، میں نہیں جانتا کہ میرے لیے آگے کیا لکھا ہے لیکن اللہ تعالیٰ جو بھی لکھتا ہے وہ سب سے بہترین منصوبہ کرتا ہے اور اس کے آگے انسان کچھ نہیں کرسکتا‘۔

احمد گوڈیل کے اس بیان پر علی ظفر نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ایس ایل کسی ایک شخص، ادارے، سپانسر یا کسی ایک ٹیم کا برینڈ نہیں، یہ پاکستانیوں کا برینڈ ہے اور پاکستانیوں کے لیے ہی ہے۔علی ظفر کا کہنا تھا کہ 3سال تک جب پی ایس ایل میں میری خدمات حاصل کی گئیں تو میں نے بہت کم معاوضے میں صرف اس برینڈ کو بڑھانے کے لیے کام کیا کیوںکہ اس ملک میں بڑے پیمانے پر ایسی مثبت چیزیں کم ہی کی جاتی ہیں،میں جو کرسکتا تھا میں نے اس کے لیے کیا اور میرا مقصد یہ تھا کہ یہ برینڈ لوگوں کو خوشیاں دے‘۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں نے یہ گانا انہیں بنا کر دیا تھا اب اگر انہوں نے اپنا ہی گانا نہیں چلایا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ خود اس بات کی تصدیق کریں کہ میرا گایا ہوا کوئی گانا سٹیڈیم میں نہیں بجے گا‘۔