حکومت بنانی یا گرانی ہے تو مجھ سے رابطہ کریں، علی ظفر کا طنز

گانا آرٹسٹ نہیں بناتا بلکہ اللہ عطا کردیا ہے: گلوکار و اداکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 فروری 2020 15:15

حکومت بنانی یا گرانی ہے تو مجھ سے رابطہ کریں، علی ظفر کا طنز
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کا گانا گانے والے علی عظمت کی جانب سے بلاگرز خریدنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو حکومت گرانی یا بنانی ہے تو مجھ سے رجوع کیا جائے- تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ کہا تھا کہ کچھ فنکاروں نے ان کے گانے کو منفی ثابت کرنے کے لیے بلاگرز کو خریدا۔

علی عظمت کے اس الزام پر اینکر وسیم بادامی نے علی ظفر سے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کس کو اگر حکومت گرانی یا بنانی ہے تو بھائی حاضر ہے، علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ پوری قوم کا دل بدل دیں کہ وہ پی ایس ایل5 کا گانا پسند نہ کریں، انکا مزید کہنا تھا کہ گانا آرٹسٹ نہیں بناتا بلکہ اللہ تعالی عطا کردیتا ہے-یاد رہے کہ علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مزاحیہ ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا کوئی گانا یا ایونٹ نہیں چلا ہے تو اس کی ذمہ داری بھی صرف ان پر ہوگی۔

(جاری ہے)

علی ظفر پی ایس ایل کے ابتدائی 3 سیزنز کے لیے ترانے گا چکے ہیں۔جب کہ چوتھے سیزن کا گانا فواد خان نے گایا تھا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کا ترانہ 'تیار ہیں' علی عظمت، عاصم اظہر، ہارون راشد اور عارف لوہار نے گایا۔ ،وسیم بادامی نے اپنے شو میں عوام کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل کی ایک ویڈیو بھی دکھائی جس میں انہوں نے تقریب کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیا۔

اپنی ویڈیو میں احمد گوڈیل کا کہنا تھا کہ فیمنزم اپنی جگہ، می ٹو اپنی جگہ، پر ابھی تک علی ظفر پر الزام ثابت نہیں ہوا اور سننے میں آیا تھا کہ میشا شفیع کیس بھی ہار چکی ہیں لیکن پی ایس ایل میں مجھے اجازت نہیں کہ میں علی ظفر کا کوئی بھی گانا چلا سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجائے اس کے کہ ہم پرانی باتوں کو بھلائیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں، ہمیں اس سب کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

احمد گوڈیل کا مزید کہنا تھا کہ’میں نہیں جاتنا مستقبل میں کیا ہوگا، میں نہیں جانتا کہ میرے لیے آگے کیا لکھا ہے لیکن اللہ تعالیٰ جو بھی لکھتا ہے وہ سب سے بہترین منصوبہ کرتا ہے اور اس کے آگے انسان کچھ نہیں کرسکتا‘۔احمد گوڈیل کے اس بیان پر علی ظفر نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ایس ایل کسی ایک شخص، ادارے، سپانسر یا کسی ایک ٹیم کا برینڈ نہیں، یہ پاکستانیوں کا برینڈ ہے اور پاکستانیوں کے لیے ہی ہے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ 3سال تک جب پی ایس ایل میں میری خدمات حاصل کی گئیں تو میں نے بہت کم معاوضے میں صرف اس برینڈ کو بڑھانے کے لیے کام کیا کیوںکہ اس ملک میں بڑے پیمانے پر ایسی مثبت چیزیں کم ہی کی جاتی ہیں،میں جو کرسکتا تھا میں نے اس کے لیے کیا اور میرا مقصد یہ تھا کہ یہ برینڈ لوگوں کو خوشیاں دے‘۔علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں نے یہ گانا انہیں بنا کر دیا تھا اب اگر انہوں نے اپنا ہی گانا نہیں چلایا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ خود اس بات کی تصدیق کریں کہ میرا گایا ہوا کوئی گانا سٹیڈیم میں نہیں بجے گا‘۔