ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز 26 فروری سے ملتان اور راولپنڈی میں منتقل،

ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ ملتان اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیمز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کریں گے

پیر 24 فروری 2020 16:10

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز 26 فروری سے ملتان اور راولپنڈی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے، 26 فروری بدھ سے ایونٹ کے میچز ملتان اور راولپنڈی میں منتقل ہوجائیں گے، ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ ملتان اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیمز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کریں گے، دونوں شہروں میں بسنے والے کرکٹ کے مداح اور مقامی کھلاڑیوں کے اہلخانہ اولیاء کا شہر، ملتان اور وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر کہلانے والے راولپنڈی میں میدان سجنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

لیگ میں شامل فرنچائز ملتان سلطانز کے مقامی کھلاڑیوں میں دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور نوجوان بلے باز ذیشان اشرف شامل ہیں۔ اسی طرح شاداب خان اور موسیٰ خان نے بھی بچپن سے راولپنڈی کے میدانوں میں ہی کرکٹ کھیلی ہے۔

(جاری ہے)

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ2020ء کے تین میچز 26، 28 اور 29 فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم جبکہ 8 میچز 27، 28 اور 29 فروری، یکم، 2، 5، 7 اور 8 مارچ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم، میں شیڈول تینوں میچوں میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز ایکشن میں دیکھائی دے گی۔ مقامی کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر کرکٹ کے مداحوں کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کے اہلخانہ بھی بہت پرجوش ہیں۔ ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور بائیں ہاتھ کے بلے باز ذیشان اشرف کے اہلخانہ اپنے کھلاڑی کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلتا دیکھنے کیلئے بہت پرجوش ہیں۔

محمد عرفان کے بھائی محمد عاصم کا کہنا ہے خوشی ہے کہ رواں سال ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے تاہم ایونٹ کے دوران محمد عرفان کو اپنے ہوم گراؤنڈ یعنی ملتان میں کھیلتا دیکھنے پر یہ خوشی دوگنی ہوجائے گی۔ محمد عاصم نے کہاکہ وہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم جا کر ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں کرکٹ کھیلنے پر اکثر محمد عرفان کو والدین سے ڈانٹ پڑتی تھی مگر پھر عرفان کے جنون نے سب کو بے بس کردیا اور آج ہم سب محمد عرفان پر فخر کرتے ہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل مقامی کرکٹر ذیشان اشرف کے والد محمد اشرف کا کہنا ہے کہ وہ،کرکٹر کی والدہ اور بھائی بہت خوش ہیں کہ ان کا بیٹا ملتان سلطانز کا حصہ بنا ہے۔

محمد اشرف نے کہاکہ ان کے بیٹا محنتی ہے اور آج اسے اس کی محنت کا صلہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گوہیں کہ رب تعالیٰ، ان کے بیٹے کو ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بھی کامیابی دے اور وہ بطور کرکٹر جلد پاکستان کی نمائندگی کریں۔ محمد اشرف کا کہنا ہے کہ تمام اہلخانہ ایک گھر میں بیٹھ کر ذیشان کے میچز دیکھیں گے جبکہ اس کے دوستوں نے پلان کر رکھا ہے کہ وہ سب ایک میدان میں بڑی سکرین لگا کر ان میچز کا لطف اٹھائیں گے۔

نوجوان کرکٹر سے متعلق پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے محمد اشرف کا کہنا تھا کہ ذیشان کو بچپن میں بڑے کرکٹرز کے سٹائل نقل کرنے کا شوق تھا اور اہلخانہ کی فرمائش پر وہ کبھی سعید انور، کبھی برائن لارا تو کبھی عامر سہیل کے انداز میں بیٹنگ کرکے دکھاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں سب ذیشان کو پیار سے لارا کہہ کر پکارتے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی پہچان سمجھے جانے والے چند نمایاں کرکٹرزکی فہرست میں شامل لیگ سپنر شاداب خان کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے شاداب خان کا بچپن جڑواں شہر کے میدانوں میں کرکٹ کھیل کر ہی گزرا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنی گگلی سے دنیا بھر کے نامور بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچانے والے شاداب خان کے اہلخانہ رواں ایڈیشن میں نوجوان سپنر کی گھومتی گیندوں کو دیکھنے کیلئے سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ شاداب خان کے والد عزیزاللہ خان کاکہنا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ ان کا بیٹا آج پاکستان کرکٹ ٹیم کا اہم رکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ہی تھی جہاں شاداب کی محنت اور عمدہ باؤلنگ نے سلیکٹرز اور کرکٹ پنڈتوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی۔ عزیزاللہ خان نے کہاکہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران اپنی پسندیدہ ٹیم کا ہر میچ دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ والے دن ان کے گھر میں عید کا سماں ہوتا ہے، جہاں اہل محلہ اور شاداب کے اہل خانہ مل کر ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھ کر میچ کا لطف اٹھاتے ہیں۔

عزیزاللہ خان نے کہا انہیں خوشی ہے کہ رواں ایڈیشن میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 8 میچز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اہل محلہ کے ہمراہ چند میچز دیکھنے سٹیڈیم جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے موسیٰ خان کے والد سعید خان کاکہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلتا دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے میدان کا رخ کریں گے۔ موسی خان کے والد نے بتایاکہ نوجوان فاسٹ باؤلر بچپن میں کرکٹ کی گیند سے ڈرتے تھے، ایک روز انہوں نے موسیٰ خان کو بلا تھما کر بیٹنگ کیلئے گراؤنڈ بھیجا تو وہ فاسٹ باؤلر کو کھیلنے سے کترا رہے تھے۔ سعید خان نے کہاکہ آج انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے، ان کی خواہش ہے کہ موسیٰ خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام وینیوز خصوصاًًً پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔