چین، بھارت، ایران کے بعد افغانستان میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگی

ا ہمارے لوگوں کو مصافحہ کرنے، گلے ملنے اور بوسہ دینے سے گریز کرنا چاہیے، افغان وزیر صحت کی میڈیا سے گفتگو

پیر 24 فروری 2020 19:23

چین، بھارت، ایران کے بعد افغانستان میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) چین سے شروع ہونے والے نئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ نہ رک سکا ، افغانستان میں بھی پہلے کیس کی تصدیق کردی گئی ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں ناول کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے ، مریض نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا۔یاد رہے کہ اس مہلک کورونا وائرس سے ایران میں 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جو چین کے بعد اموات کے حساب سے دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ متاثر ممالک میں جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

افغان وزیر صحت فیروز الدین فیروز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کا پہلا مثبت کیس ہرات میں سامنے آیا، ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی صوبے میں سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس کی سرحدیں ایران سے ملتی ہیں۔اس سے قبل خطے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر افغان حکام نے ایران کے ساتھ فضائی اور زمینی سفر معطل کرنے کا اعلان کردیا تھا۔فیروز الدین فیروز کا کہنا تھا کہ مریض نے ایران کے مقدس شہر قم کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو مصافحہ کرنے، گلے ملنے اور بوسہ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔