سعودی عرب میں منشیات کی بہت بڑی کھیپ پکڑی گئی

سعودی اور غیر مُلکی اسمگلرز کی جانب سے 16 لاکھ نشہ آور گولیاں گلو پاؤڈر میں چھُپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 فروری 2020 13:29

سعودی عرب میں منشیات کی بہت بڑی کھیپ پکڑی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2020ء) سعودی عرب میں منشیات کی بڑی مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث پانچ افراد بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ سعودی ویب سائٹ عاجل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے سرحدی علاقے کے ذریعے نشہ آور گولیوں کی بڑی مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ سعودی ادارہ برائے انسداد منشیات کے مطابق سرحدی چوکی پر چیکنگ کے دوران منشیات کے بین الاقوامی اسمگلروں کا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جس کے قبضے سے 16 لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں مملکت کے اندرونی علاقوں میں منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

پکڑے جانے والے پانچ افراد میں سے ایک سعودی باشندہ ہے، دو خانہ بدوش قبائل سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دو کا تعلق شام سے ہے۔

(جاری ہے)

ان اسمگلروں نے بڑی ہوشیاری اور مہارت سے پاؤڈر گلو کے تھیلوں میں نشہ آور گولیاں چھُپا رکھی تھیں۔ کوئی بھی ان تھیلوں کو دیکھ کر اندازہ نہیں لگا سکتا تھا کہ ان میں لاکھوں کی گنتی میں نشہ آور گولیاں موجود ہیں۔ تمام افرادسے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر کے ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا گیا تھا کہ سعودی مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے بہت سے بدبخت لوگ قرآن مجید کے نسخوں کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ جو کہ اللہ کی مقدس ترین کتاب کے حُرمت کے منافی ہے۔جدہ ضلع میں انسدادِ منشیات کے ایک اعلیٰ عہدے دار عبدالجبار المالکی نے بتایا تھاکہ مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے نِت نئے طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔

جو منشیات اسمگل کی جاتی ہیں، ان میں سکون آور گولیاں، کیپسول اور ہیروئن ، بھنگ اور چرس وغیرہ شامل ہیں۔ منشیات کے لیے قرآن مجید کے نسخوں، بجلی کے تاروں، گاڑیوں کے ہائیڈرولکس اور پِسٹنز اور اون کے دھاگوں کا بھی استعمال بکثرت ہوتا ہے۔ منشیات کے اسمگلروں سے نمٹنے کے لیے ریاض میں انسدادِ منشیات کے محکمے کا ادارہ ایسی صلاحیتوں کے حامل افراد تیار کر رہا ہے جو اسمگلنگ کے نت نئے طریقوں کا پتہ چلانے اور کھوج لگانے میں ماہر ہوں“۔المالکی کے مطابق منشیات کی تجارت کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ممالک میں انسداد منشیات کے 25 سے زیادہ دفاتر ہیں جن کے ذریعے کسی بھی مشتبہ کارروائی کے بارے میں مسلسل اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔