سعودی عرب،نئے شاہی فرامین کے تحت دو وزراء فارغ ، تین کا تقرر

تین نئی وزارتوں کا قیام،جنرل اتھارٹی برائے سرمایہ کاری کے گورنر ابراہیم العمر کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا گیا

بدھ 26 فروری 2020 11:49

سعودی عرب،نئے شاہی فرامین کے تحت دو وزراء فارغ ، تین کا تقرر
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعدد نئے فرامین جاری کردیئے ،انھوں نے بعض وزراء کو سبکدوش کردیا ہے،متعدد نئے وزراء کا تقرر کیا ہے۔شاہی احکام کے تحت بعض وزارتوں کو دوسری وزارتوں میں ضم کردیا گیا ہے۔سرمایہ کاری، کھیلوں اور سیاحت کی نئی وزارتیں قائم کی گئی ہیں۔ایک شاہی حکم کے تحت شہری خدمات کے وزیر سلیمان بن عبداللہ الحمدان کو ان کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا ہے اور شہری خدمات کی وزارت کو محنت اور سماجی ترقی کی وزارت میں ضم کردیا گیا ہے۔

میڈیرپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سرمایہ کاری کے گورنر ابراہیم العمر کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا گیا ۔اس اتھارٹی کی جگہ اب سرمایہ کاری کی وزارت قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کا قلم دان سابق وزیر توانائی خالد الفالح کو سونپا گیا ہے۔ایک اور شاہی فرمان کے ذریعے سعودی عرب کی کھیلوں کی جنرل اتھارٹی کو بھی ختم کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ کھیلوں کی نئی وزارت قائم کی گئی ہے۔

اس کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل آل سعود کو بنایا گیا ہے۔ایک اور شاہی فرمان کے ذریعے سعودی عرب کے وزیر برائے میڈیا ترکی الشبانہ کو ان کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔ان کی جگہ تجارت اور سرمایہ کاری کے وزیر ماجد القصبی کو عبوری دور کے لیے میڈیا کی وزارت کی اضافی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سیاحت اور قومی ورثہ کو بھی وزارت میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ اب وزارت سیاحت قائم کی گئی ہے۔