چین کے بعد امریکا کا کورونا وائرس کے علاج کی آزمائش کا فیصلہ

آزمائش یونیورسٹی آف نبراسکا میڈیکل سینٹر کی جانب سے کی جائے گی، دنیا بھر میں 50 مقامات پر ٹیسٹ ہوگا

بدھ 26 فروری 2020 12:54

چین کے بعد امریکا کا کورونا وائرس کے علاج کی آزمائش کا فیصلہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) چین نے رواں ماہ کے شروع میں نوول کورونا وائرس کووڈ 19 کے شکار افراد میں تجرباتی دوا ریمیڈیسیور کی آزمائش شروع کی تھی جس کے نتائج تو فی الحال سامنے نہیں آئے مگر اب امریکا نے بھی اس کے ٹرائل کا فیصلہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق گیلاڈ سائنسز انکارپوریشن کی تیار کردہ اس اینٹی وائرل دوا کے کلینیکل ٹرائل کے بارے میں انکشاف امریکی حکومت کے کلینیکل ٹرائل ڈیٹا بیس پر ہونے والی پوسٹ سے سامنے آیا۔

خیال رہے کہ چین سمیت 35 ممالک میں اب تک 80 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر جبکہ 27 سو سے زاید ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔یہ آزمائش یونیورسٹی آف نبراسکا میڈیکل سینٹر کی جانب سے کی جائے گی جس کے ساتھ نیشنل انسٹیٹوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیز ڈیزیز بھی کام کرے گا اور دنیا بھر میں 50 مقامات پر اس کا ٹیسٹ ہوگا۔