یورپی یونین مقبوضہ فلسطین میں یہودی بستیوں کی توسیع روکنے کا مطالبہ

یہودی آبادکاریدو ریاستی حل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے، جوزف بوریل کابیان

بدھ 26 فروری 2020 14:35

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) یورپی یونین نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاری کے تازہ اسرائیلی اعلانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے مندوب جوزف بوریل نے ایک بیان میں کہا کہ مشرقی بیت المقدس کی گیوات ھاماتوس اورھارحوما یہودی کالونیوں میں ہزاروں نئے گھروں کی تعمیر کو قضیہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی مساعی کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

(جاری ہے)

بوریل کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کئی مواقع پر اور حالیہ وزراء خارجہ اجلاس میں بھی یہ واضح کرچکی ہے کہ بیت المقدس اور غرب اردن میں اسرائیل کی یہودی بستیوں کی توسیع اور نئی کالونیوں کے اعلانات تنازع کے دو ریاستی حل کی کوششوں کے لیے تباہ کن ہیں۔یورپی یونین کے عہدیدار نے کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع سے فلسطینی آبادیاں الگ تھلگ ہوجائیں گی اور تنازع کے دو ریاستی حل کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔جوزف بوریل نے اسرائیل پر سنہ 1967ء کی سرحدوں سے قبل والی پوزیشن پر واپس جانے اور القدس اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے حوالے سے بین الاقوامی قراردادوں پرعمل درآمد پرزور دیا۔