دہلی فسادات میں ہلاکتیں 39 تک پہنچ گئیں، پولیس چیف تبدیل

ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی ویڈیوز یا دیگر شواہد ہیں تو وہ فراہم کریں،پولیس کی متاثرہ علاقہ مکینوں سے اپیل

جمعہ 28 فروری 2020 16:17

دہلی فسادات میں ہلاکتیں 39 تک پہنچ گئیں، پولیس چیف تبدیل
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) دہلی میں متازعہ شہریت قانون کے خلاف جاری فسادات میں ہلاک افرادکی تعداد 39ہوگئی جبکہ حکومت نے دہلی پولیس چیف امولیا پاٹنائیک کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ انڈین پولیس سروس کے افسر ایس این شری واستو کو دہلی پولیس چیف کا اضافی چارج سونپ دیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کی مرکزی حکومت نے دعوی کیا کہ گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران ہنگامہ آرائی کا کوئی بڑا واقعہ سامنے نہیں آیا جس کے پیش نظر دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں بڑے اجتماعات پر پابندی 10 گھنٹے کے لیے اٹھائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت نے دہلی پولیس چیف امولیا پاٹنائیک کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ انڈین پولیس سروس کے افسر ایس این شری واستو کو دہلی پولیس چیف کا اضافی چارج سونپ دیا ۔دہلی پولیس نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی کہ اگر ان کے پاس ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی ویڈیوز یا دیگر شواہد ہیں تو وہ فراہم کریں۔ دہلی پولیس نے دو واٹس ایپ نمبرز بھی جاری کیے ہیں جن پر ویڈیو شواہد بھیجے جا سکتے ہیں۔قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران لوگوں کو پولیس پر اعتماد نہیں تھا جب کہ دہلی کے کمشنر پولیس کا کردار بھی مایوس کن تھا چاہے اس کی وجہ کوئی بھی ہو۔