ایران، کرونا کے مریضوں کی موجودگی کا شبہ، مشتعل افراد نے ڈسپنسری جلا دی

بے بنیاد افواہوں نے لوگوں کو چراغ پا کر دیا،پولیس اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئی

ہفتہ 29 فروری 2020 16:15

ایران، کرونا کے مریضوں کی موجودگی کا شبہ، مشتعل افراد نے ڈسپنسری جلا ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) بندر عباس شہر کے نواحی قصبے توحید میں بعض افراد نے ایک ڈسپنسری میں آگ لگا دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کا خیال تھا کہ قٴْم شہر سے لائے گئے کرونا وائرس کے 10 مریض اس ڈسپنسری میں زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ قٴْم شہر ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا گڑھ ہے۔

(جاری ہے)

بندر عباس کی ڈسپنسری میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کی موجودگی کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں نے لوگوں کو چراغ پا کر دیا اور توحید قصبے میں بعض افراد نے اس ڈسپنسری کو آگ لگا دی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہل کار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے لوگوں سے پر سکون رہنے کا مطالبہ کیا اور ڈسپنسری میں لگی آگ کو بجھایا۔ہرمزجان یونیورسٹی فار میڈیکل سائنسز میں تعلقات عامہ کی سربراہ فاطمہ نوروزیان کے مطابق بندر عباس شہر میں شہید محمدی ہسپتال کے اندر کرونا سے متاثرہ افراد کے لیے ایک خصوصی ونگ موجود ہے لہذا ڈسپنسریوں میں کرونا کے مریضوں کی موجودگی کے حوالے سے افواہیں محض جھوٹ ہے۔