مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس بے قابو ہوگیا، کیسز کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی، درجنوں ہلاک

تصدیق کیے جانے والے کیسز کی تعداد 3 ہزار جبکہ اموات کی تعداد 93 ہے، اصل کیسز کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 مارچ 2020 00:13

مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس بے قابو ہوگیا، کیسز کی تعداد ہزاروں تک پہنچ ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2020ء) مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس بے قابو ہوگیا، کیسز کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی، درجنوں ہلاک، تصدیق کیے جانے والے کیسز کی تعداد 3 ہزار جبکہ اموات کی تعداد 93 ہے، اصل کیسز کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ چین کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ بن گیا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جبکہ وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ایران متاثر ہوا ہے، جہاں کرونا وائرس کے باعث درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پیش کیے گئے اعداد و شمار مبینہ طور پر درست نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات ہیں کہ ایران کی جانب سے کرونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں کی تعداد معلوم اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد سے خاص کر خلیجی ممالک نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ سعودی عرب کرونا وائرس خدشات کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کو زائرین کیلئے بند کر چکا ہے۔

جبکہ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ چین میں پھیلنے والا مہلک کرونا وائرس 80 ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوان مزید 38 افراد چل بسے جس کے بعد چین میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2981 ہو گئی ہے، چین کے بعد زیادہ اموات ایران میں ہوئیں جہاں پر مرنے والوں کی تعداد 92 تک پہنچ گئی ہے، اٹلی میں اموات کی تعداد 79 ہو گئی ہے، امریکہ میں مزید 3 افراد دم توڑ گئے، ارجنٹائن اور چلی وائرس سے متاثر ہونے والے تازہ ممالک میں شامل ہو گئے، دنیا بھر میں وائرس نے مجموعی طور پر 3200 افراد کی جان لی ہے جبکہ مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔