دبئی میں زیر تعلیم بھارتی طالب علم کورونا وائرس کا شکار ہو گیا

امارات میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز کی تعداد 27 ہوگئی، تعلیمی اداروں کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 مارچ 2020 01:24

دبئی میں زیر تعلیم بھارتی طالب علم کورونا وائرس کا شکار ہو گیا
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مارچ 2020ء)   دبئی میں زیر تعلیم بھارتی طالب علم کرونا وائرس کا شکار ہو گیا، امارات میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز کی تعداد 27 ہوگئی، تعلیمی اداروں کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امارات میں 6 نئے کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کل کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی میں واقع ایک بھارتی اسکول کے طالب علم میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 16 سالہ بھارتی طالب علم اپنے والدین کے ہمراہ بیرون ممالک سے ہو کر دبئی واپس لوٹا تھا۔ اسکریننگ کے عمل کے دوران مذکورہ طالب علم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں طالب علم کے والدین کا بھی معائنہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ وہ بھی اس وائرس کا شکار بن چکے ہیں، تاہم تینوں متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں تمام نجی اور سرکاری سکولز اور کالجز 4ہفتوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔  اس فیصلے کا اطلاق آئندہ اتوار کے روز سے ہو گا۔ یہ فیصلہ مملکت میں کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے باعث لیا گیا ہے۔ اماراتی وزارت تعلیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم بہار کی تعطیلات کا آغاز قبل از وقت کیا جا رہا ہے۔

موسم بہار کی تعطیلات 8 مارچ 2020ء بروز اتوار سے شروع ہوں گی۔ وزارت کی جانب سے فاصلاتی تعلیم کے آغاز کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد مملکت بھر کے طالب علموں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ میں اب تک کرونا وائرس کے کل 3 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 93 متاثرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔