برطانیہ میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا

گزشتہ تیس روز کے دوران وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 115 ہو گئی

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعرات 5 مارچ 2020 23:07

برطانیہ میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا
لندن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 5 مارچ 2020۰: برطانیہ میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، گزشتہ تیس روز کے دوران وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 115 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مذکورہ مریض کو کرونا وائرس کا شبہ ہونے پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں اس میں وائرس کی تصدیق کردی گئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ مریض کو طبی امداد دی جا رہی تھی لیکن اسکی حالت اچانک خراب ہوئی اور وہ دوران علاج ہلاک ہو گیا۔

حکام کی جانب سے پتہ لگایا جا رہا ہے کہ مریض کے ساتھ کون کون سے افراد موجود تھے۔ واضع رہے کہ گزشتہ تیس دنوں کے دوران برطانیہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعدادی 115 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب کرونا وائرس نے امریکا میں مزید 3 افراد کی جانیں لے لیں، جس کے بعد امریکی حکام نے ریاست کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کردی، ہلاکت خیز کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مزید 3 شہریوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا 15 ریاستوں میں کرونا وائرس کے اب تک 150 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں 53 مریضوں کا تعلق ریاست کیلی فورنیا سے ہے، کیلیفورنیا حکام نے ریاست میں کرونا وائرس کے باعث پہلے شخص کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ریاست بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے کہا ہے کہ ان کی ریاست سرکاری سطح پر ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتہ لگایا جائے اور اس وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم کیا جائے۔