-عالمی یوم خواتین، لیڈیز کلب کے زیر اہتمام پروین شاکر آڈیٹوریم میں فن فیئر کا انعقاد

اتوار 8 مارچ 2020 22:20

iفیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2020ء) عالمی یوم خواتین پر لیڈیز کلب کے زیر اہتمام پروین شاکر آڈیٹوریم میں فن فیئر کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹرز عفیفہ شاجیہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری بیگم ارشد حبیب‘ نائب صدر عابدہ خواجہ‘جوائنٹ سیکرٹری رخسانہ سعید‘امینہ زمان‘ کشور کریم‘ شمع احمد کے علاوہ دیگر عہدیداران و ممبران اور خواتین کثیر تعداد میں موجود تھیں۔

فن فیئر میں مختلف قسم کے سٹالز لگائے تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفیفہ شاجیہ نے سٹالز میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے خواتین کی کاوششوں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں وہ جس لگن سے محنت کر رہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جن کی فلاح و بہبود کے لئے معاشرے کے تمام طبقات پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین منانے کا تقاضا ہے کہ خواتین کی عزت و احترام میں کمی نہ آنے دیں کیونکہ وہ ماں‘ بیوی‘ بہن اور بیٹی کا روپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی تربیت‘فلاح وبہبود اور انہیں ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں موثر کردار ادا کر سکیں لہذا خواتین اپنا بہتر مستقبل بنانے کیلئے تعلیم حاصل کرکے ہنر مند بنیں تاکہ وہ کسی کی محتاج نہ ہوں۔

سینئر نائب صدر بیگم خالدہ منصور و دیگر عہددیداروں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ کی آمد اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معاشی‘ معاشرتی اور سماجی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین ملکی ترقی اورخوشحالی کے لئے مردوں کے شانہ بشانہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں اپنی خدمات احسن انداز میں انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن منانے کا اصل اور بنیادی مقصدانہیں حقوق نسواں سے آگاہ کرنا ہے جو آج سے چودہ سو سال پہلے دین اسلام نے نافذ کر دیئے تھے۔ اسلام میں عورت کو با عزت مقام عطا کیا گیا ہے۔ خواتین معاشرہ کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں بشرطیکہ ان کو مناسب ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :