نئی پاکستانی فلم ’گواہ رہنا ‘ کا پوسٹر جاری

’گواہ رہنا‘ آئندہ ہفتوں میں ترکی اور پاکستان میں بیک وقت سینما گھروں کی زینت بنے گی

بدھ 11 مارچ 2020 18:20

نئی پاکستانی فلم ’گواہ رہنا ‘ کا پوسٹر جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2020ء) نئی پاکستانی فلم ’گواہ رہنا‘ کا آفیشل پوسٹر سامنے آگیا۔ پوسٹر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کیا گیا۔ فلم کی کہانی تحریک خلافت پر مبنی ہے۔ یہ فلم خلافت موومنٹ کے گمنام ہیروز اور مصطفی کمال اتاترک اور بہادر ترک عوام سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے جلد ہی ریلیز کی جائے گی۔

یہ فلم تقریباً 100 سال قبل برصغیر کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریک خلافت کی جدوجہد کی داستان پر مبنی ہے۔فلم بنانے والوں کے مطابق ‘گواہ رہنا‘ دیکھ کر ناظرین کو اپنے ماضی کے ہیروز پر فخر ہوگا کہ انہوں نے کیسی کیسی مشکلات میں بھی جرات مندی کا مظاہرہ کیا۔’گواہ رہنا‘ آئندہ ہفتوں میں ترکی اور پاکستان میں بیک وقت سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

(جاری ہے)

طاہر محمود نے گواہ رہنا کی کہانی لکھی ہے اور ڈائریکشن کے فرائض بھی انجام دیئے ہیں۔ڈائریکٹر طاہر محمود کا کہنا ہے کہ اس فلم کو ترکی زبان میں ڈب کیا جائے گا اور وہ اس فلم کے ذریعے ترکی اور پاکستانی عوام کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔فلم میں اداکارہ غناء علی اور عماد عرفانی مرکزی کرداد ادا کرتے دکھائے دیں گے جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں ترک اداکار میرٹ سسمنلر، رابعہ کلثوم، فیصل امتیاز، ریحان ناظم اور قوی خان و دیگر شامل ہیں۔