ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آ گیا

متاثرہ شخص یورپ سے ترقی آیا، حکومت نے اٹلی، جنوبی کوریا اور عراق کے لئے تمام پروازیں معطل کردیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 11 مارچ 2020 22:13

ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آ گیا
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 مارچ2020ء) ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آ گیا ہے۔ ترک حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے اورمتاثرہ شخص یورپ سے ترقی آیا ہے جس کے بعد حکومت نے اٹلی، جنوبی کوریا اور عراق کے لئے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ ترکی کے وزیر صحت نے بتایا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر صحت کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی، جنوبی کوریا اور عراق کے لئے تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور دوسرے ممالک سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب قطر میں بھی کورونا وائرس وبائی شکل اختیار کر گیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز کورونا وائرس کے 238نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی کل تعداد 262 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چین سے شروع ہونے والی یہ بیماری دنیا بھر میں وباء کی شکل اختیار کر چکی ہے، عالمی ادارہ صحت نے وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ بیان انتہائی تشویشناک ہے۔ اب تک 114 ممالک میں 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 4 ہزار 291 ہلاک ہو چکے ہیں اور ان اعدادوشمار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی تمام ممالک سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی ہے جبکہ پوری دنیا میں اس سے بچنے کے لئے احکامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ کرونا وائرس سے بچا جا سکے۔

ابھی تک کسی ملک کی جانب سے اس وبا پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا۔ دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کوشش کی جا چکی ہے کہ کسی طرح اس کا کوئی علاج ڈھونڈ لیا جائے۔ اس حوالے سے امریکی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ اگر ہم مسلسل کام بھی کریں تو بھی وائرس سے بچاو کی ویکسین تیار کرنے میں 18 مہینے کا وقت لگ سکتا ہے۔