کورونا وائرس کی بدترین صورت حال سے باہر آگئے، چین کا دعویٰ

جمعرات 12 مارچ 2020 23:47

کورونا وائرس کی بدترین صورت حال سے باہر آگئے، چین کا دعویٰ
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2020ء) چینی حکام نے ملک میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال سے باہر آنے کا دعویٰ کیاہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے سینئر میڈیکل ایڈوائزر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے جون تک ختم ہونے کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین میں دوسرے ممالک سے آنے والے کیسز میں سے کئی مریضوں میں وائرس کی علامات نہیں اور صحت یاب ہونے والے مریضوں میں دوبارہ انفیکشن کی شرح بھی انتہائی کم ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چینی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ چین وائرس کی بدترین صورتحال سے باہر آگیا ہے۔واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے 124 ممالک میں پھیل چکا ہے اور روزانہ کسی ملک میں کیسز کی تصدیق ہورہی ہے، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 4500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔چین میں وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے اور 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جب کہ 62 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے۔عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو ایک عالمگیر وباء قرار دیا ہے لیکن اس پر قابو پانے کے لیے چین کے اقدامات کو قابل تحسین بھی قرار دیا ہے۔