گھروں میں بھی شادی اور دیگر تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد

پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت کسی بھی گھر میں 10 افراد سے زائد کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 19 مارچ 2020 21:12

گھروں میں بھی شادی اور دیگر تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ2020ء) گھروں میں بھی شادی اور دیگر تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد، پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت کسی بھی گھر میں 10 افراد سے زائد کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے دفعہ 144 کی پابندی پر مزید سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں گھروں میں بھی شادی اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کسی گھر میں بھی اگر شادی یا کوئی دوسری تقریب منعقد کروانی ہے تو 10 سے زیادہ لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومت نے صوبے بھر میں شادی ہالز بھی بند کر دیے تھے اور عوامی مقامات پر اجتماعات کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سندھ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کردی ۔ پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ککے نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی تا حکم ثانی برقرار رہے گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جبکہ یہاں واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کل 78 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اور ملک بھر میں کرونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 326 ہو چکی۔ کرونا وائرس کے باعث ملک میں 2 افراد کی موت بھی واقع ہو چکی۔