وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کی ڈیڑھ سال کی طویل جدوجہد کے بعد ادارے کے انتظامی اور مالی معاملات پر گرفت مضبوط ہو گئی

سمیر احمد سید کو تبدیل کر کے وائس چیئرمین کی خواہش اور فرمائش کے مطابق احمد عزیز تارڑ کو نیا ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے مقرر کر دیا گیا

جمعرات 19 مارچ 2020 21:50

ں* لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2020ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان سے گہری قربت رکھنے والے وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کی ڈیڑھ سال کی طویل جدوجہد کے بعد ادارے کے انتظامی اور مالی معاملات پر گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے بہترین سربراہ قرار دیئے جانے والے افسر سمیر احمد سید کو تبدیل کر کے وائس چیئرمین کی خواہش اور فرمائش کے مطابق احمد عزیز تارڑ کو نیا ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ادارے کے 3 سربراہان ڈائریکٹر جنرل، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران سے چپقلش کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی شہرت کے اعتبار سے شہر کے بڑے ترقیاتی ادارے ایل ڈی اے میں وائس چیئرمین کے عہدے کا قرعہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام ورکرز کو نظر انداز کر کے ملک کے سرمایہ دار، صنعت کار ایس ایم عمران کے نام نکلا۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھالتے ہی نگران حکومت کے دور میں تعینات ہونے والی فیڈرل سروس کی حامل خاتون افسر آمنہ عمران اور ایس ایم عمران کے مابین ’’میں نہ مانوں‘‘ کے باعث کشیدگی شروع ہو گئی۔ نوبت توں تکرار تک پہنچنے پر صوبائی حکومت نے آمنہ عمران کو ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے ہٹادیا۔ آمنہ عمران کی فراغت وائس چیئرمین ایس ایم عمران کو مضبوط کرنے کے لئے عمل میں لائی گئی۔

اعلیٰ حکومتی شخصیات کے حکم پر آمنہ عمران کو تبدیل کر کے عثمان معظم کو ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ عثمان معظم کی تعیناتی کے دوران وائس چیئرمین کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،جس کی وجہ سے عثمان معظم اور ایس ایم عمران کے مابین قلیل مدت 6 ماہ کے دوران دوریاں بڑھ گئیں۔ عثمان معظم نے عہدہ سنبھالتے ہی اپنے بھائی کی سفارش پر منظور نظر افسران کو من پسند عہدوں پر تعینات کرنے کی لوٹ سیل لگا دی اور ایل ڈی اے تمام اہم عہدے اپنے چہیتے جونیئر افسران میں بانٹ دیئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر تبدیل ہو گئے اور نئے چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے صوبہ بھر کے بڑے انتظامی عہدوں پر افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا حکم دیا۔ نئے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سمیر احمد سید کو ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے تعینات کر دیا گیا۔ عثمان معظم کی تبدیلی اور سمیر احمد سید کی تقرری کے دوران ایک بار پھر وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی پسند نہ پسند کو نظر انداز کر دیا گیا۔

اس صورتحال کی وجہ سے وائس چیئرمین اور سمیر احمد سید کے درمیان ایل ڈی اے کے مختلف انتظامی اور مالی معاملات کی مرضی کے مطابق انجام دہی نہ ہونے کے باعث کشیدگی کا آغاز ہو گیا۔ وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی مداخلت پر سمیر احمد سید کو بھی گزشتہ روز عہدے سے ہٹا دیا گیا اور یوں ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے بعد صوبائی حکومت نے احمد عزیز تارڑ کو ڈائریکٹر جنرل تعینات کر کے وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کی دیرینہ خواہش پوری کر دی۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ وائس چیئرمین اور نئے ڈی جی کے مابین بھی قربت کا سلسلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔