نیب نے رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کر دی

جمعہ 20 مارچ 2020 22:20

نیب نے رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2020ء) نیب نے رمضان شوگر مل کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔ جمعہ کو نیب کی جانب سے عدالت عظمی میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر مل کیس میں ملوث ہیں، حمزہ شہباز کو لوکل گورنمنٹ کو جاری کی گئی 360 ملین کی رقم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا،مزکورہ رقم گندے پانی کی نکاسی سے متعلق نو کلومیٹر لمبے عوامی منصوبہ کے لیے استعمال ہونا تھی،جسے رمضان شوگر ملز کا نالہ بنانے کے کیلئے استعمال کیا گیا ،رمضان شوگر مل کے نالہ کے منصوبہ کو عوامی منصوبہ ظاہر کیا گیا،حمزہ شہباز شریف کے خلاف شکایت آنے پر انکوائری کی گئی،تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رمضان شوگر ملز کو سرکاری خزانے سے فائدہ پہنچایا،اسوقت کے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے دباؤ ڈال کر رمضان شوگر مل کے نالہ کیلئے این او سی حاصل کیا،حمزہ شہباز شریف کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست ضمانت قابل سماعت نہیں تھی، جبکہ ان کا کیس ہارڈ شپ میں بھی نہیں آتا تھا۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے عدالت عظمی میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا،مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی ضمانت سے متعلق لاہورہائیکورٹ کے فیصلہ کی آبزرویشنز سے ٹرائل متاثر ہوگا۔نیب کی جانب سے عدالت عظمی سے استدعا کی گئی ہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز شریف کی ضمانت سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انکی ضمانت منسوخ کی جائے۔نیب درخواست میں حمزہ شہباز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ رمضان شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کیا تھا۔