کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملہ، بچے سمیت 25 افراد ہلاک، 8 شدید زخمی

سکیورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن کے دوران 2 حملہ آور بھی مارے گئے

بدھ 25 مارچ 2020 17:58

کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملہ، بچے سمیت 25 افراد ہلاک، 8 شدید زخمی
کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملے میں بچے سمیت 25 افراد ہلاک اور 8 شدید زخمی ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن کے دوران 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق اریان نے بتایا کہ بدھ کی صبح 7 بج کر 45 منٹ پرکابل شہر میں واقع گردوارے پر خود کش حملہ آوروں اور مسلح افراد کے حملے میں 25 شہری جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہو گئے جس کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مندر کے اندر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کلین اپ آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں 2 حملہ آورمارے گئے۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مندر میں کتنے حملہ آور تھے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مندر میں تقریباً 200 افراد موجود تھے۔ طالبان کے ترجمان نے ٹویٹ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں۔