گھر میں رہو، برج خلیفہ کا اردو زبان میں پوری دنیا کو خصوصی پیغام

کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں برج خلیفہ کی دنیا کو متعدد زبانوں میں گھروں تک محدود رہنے کی درخواست

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 27 مارچ 2020 07:34

گھر میں رہو، برج خلیفہ کا اردو زبان میں پوری دنیا کو خصوصی پیغام
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مارچ 2020ء) گھر میں رہو، برج خلیفہ کا اردو زبان میں پوری دنیا کو خصوصی پیغام۔ کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں برج خلیفہ کی دنیا کو متعدد زبانوں میں گھروں تک محدود رہنے کی درخواست۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہی کے سلسلے میں برج خلیفہ پر ایک ہی پیغام دنیا بھر کی متعدد زبانوں میں خوبصورت انداز میں دکھایا گیا۔

جیسا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کے بیشتر ممالک مکمل طور پر لاک ڈاؤن میں چلے گئے ہیں یا ایمرجنسی کی حالت میں ہیں جس کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنا ہے تا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے، ایسے میں سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی مہم شروع ہے، اور ماہرین بھی اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اس وائرس سے بچنے کا حل یہی ہے کہ اپنی نقل و حرکت محدود کر دیں۔

(جاری ہے)

چین کے تجربات بھی کچھ ایسے ہی ہیں، متفرق میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی حکام کا کہنا ہے کہ اگر صوبے ہابے میں لاک ڈاؤن نہ کیا جاتا تو وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن نہ تھا۔ ایسے میں برج خلیفہ کی انتظامیہ نے اپنے روایتی اور منفرد انداز میں مذکورہ پیغام دنیا بھر کو پہنچا دیا ہے۔ 
  متعدد زبانوں میں لکھے جانے والے اس پیغام کا اردو ترجمہ ہے ’’گھر میں رہو‘‘۔

اس پیغام کو دنیا کی کئی زبانوں میں لکھا ہوا دکھایا گیا ہے جن میں اردو کے علاوہ ہندی، چینی، جرمن، فرانسیسی، جاپانی، تامل اور فارسی زبانیں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چین میں کورونا وائرس سے ہلاک اور متاثر ہونے والے ہزاروں افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو چین کے رنگ میں رنگ دیا گیا تھا۔ برج خلیفہ کے علاوہ ابو ظہبی کا کیپٹل گیٹ، امارات کی پیلس ہوٹل، شیخ زائد پُل، ہازا بن زیاد اسٹیڈیم اور بہت سی عمارتوں کو چین کے رنگ میں بدل دیا گیا تھا۔