سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مشکلات میں اضافہ

کراچی کی احتساب عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،عدالت کا10اپریل تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

جمعہ 27 مارچ 2020 20:13

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مشکلات میں اضافہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2020ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مشکلات میں اضافہ، کراچی کی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،عدالت نے ملزمان کو10 اپریل تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جمعہ کوکراچی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

سابق وِزیر اعظم پاکستان شاہد خان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا محمد مظفر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے 10 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔سابق ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس یعقوب ستار اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو بھی نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں اورانہیں بھی10اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیاگیاہے۔ نیب ریفرنس کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے وزیر پیٹرولیم کی حیثیت سے سابق پی ایس او شیخ عمران الحق اور ڈی ایم ڈی پی ایس او کا تقرر غیر قانونی طور پر کیا۔شاہد خاقان عباسی نے تقرری کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، تحقیقات کے دوران تقرری غیر قانونی ثابت ہوچکی ہے۔