سعودیہ میں عمرہ زائرین کو وطن واپسی کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے

کل کی تاریخ سے اپنے وطن کو واپس نہ جانے والے زائرین کو مُدت سے زائد قیام پر جرمانے عائد ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 28 مارچ 2020 11:46

سعودیہ میں عمرہ زائرین کو وطن واپسی کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ 2020ء) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سفری پابندی کے باعث سعودیہ میں ہی رہ جانے والے عمرہ زائرین کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ عمرہ ویزے کی میعاد ختم ہو جانے والے زائرین کے لیے مہلت آج بروز ہفتہ 28مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت نے کورونا وائرس کے باعث رُک جانے والے عمرہ زائرین جن کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیاتھا، جس کے تحت ایسے عمرہ زائرین جو سفری پابندی کے باعث وقت مقررہ پر اپنے ملک نہ جاسکے تھے، ان پر عائد جرمانے معاف کر دیے جائیں گے۔

زائرین سے کہا گیا تھا کہ وہ قانونی گرفت سے بچنے کے لیے 28 مارچ تک مہلت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر وہ مہلت کے اندر مملکت سے رخصت ہوجائیں گے تو ایسی صورت میں ان پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی قانونی باز پرس ہوگی۔

(جاری ہے)

وزارت حج نے مہلت کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ کے ساتھ رابطہ کیا ہوا ہے اور اس کے تعاون سے مہلت کی کارروائی مکمل کرائی جارہی ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ عمرے پر آنے والے تمام زائرین کو یاد دہانی کرائی جارہی ہے کہ وہ 4 شعبان 1441ھ مطابق 28 مارچ 2020 تک مہلت سے فائدہ اٹھالیں۔ ہفتے کو یہ مہلت ختم ہوجائے گی-زائرین کو وزارت حج وعمرہ کی ویب سائٹ کے لنک eservices.haj.gov.sa کے ذریعے کارروائی مکمل کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔وزارت حج کی جانب سے اوورسٹیئرز کی رجسٹریشن کے لیے لانچ کیے جانے والے پورٹل پر عمرہ سیزن 1441 ہجری درج ہے۔

غیر ملکی عمرہ زائرین کے لیے پورٹل عربی کے علاوہ انگریزی میں بھی جاری کیا ہے۔وزارت حج کے پورٹل پرعمرہ زائر کی قومیت ، پاسپورٹ نمبر، موبائل نمبر،جس شہر سے روانگی ہونا تھی کا نام درج کر کے اپ لوڈ کرنا ہوگا۔انہیں موجودہ حالات کے تحت خصوصی رعایت دی جائے گی اور ان پر ویزے کی خلاف ورزی کے قانون کا اطلاق نہیں ہوگا۔