ریاض: ہوٹل میں غیر اخلاقی حرکات کرنے پر سعودی لڑکے اور لڑکیاں گرفتار

ملزمان کی گرفتاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 مارچ 2020 14:39

ریاض: ہوٹل میں غیر اخلاقی حرکات کرنے پر سعودی لڑکے اور لڑکیاں گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ 2020ء) دُنیا بھر کی طرح اس وقت سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کا خوف طاری ہے۔ لوگ اپنی ساری دُنیاوی مصروفیات اور تفریحات بھُول بھُلا کر عبادتوں میں مصروف ہیں اوراپنے پروردگار سے رو رو کر دُعائیں مانگ رہے ہیں کہ اس موذی وبا کا روئے زمین سے مکمل خاتمہ کر دے۔ تاہم کچھ ایسے عاقبت نااندیش افراد بھی پائے جاتے ہیں جن کی ایسے عبرت ناک وقت میں بھی آنکھ نہیں  کھُل رہی اور وہ دن رات بُرائی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

سعودی پولیس نے ایسے ہی چند نوجوان لڑکے لڑکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جو ریاض کے ایک ہوٹل کے کمرے میں رنگ رلیاں منا رہے تھے۔ جبکہ ایک نوجوان نے بڑی ڈھٹائی اور بے شرمی سے اپنی غلط کاریوں پر فخریہ انداز اختیار کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی بنا ئی تھی جس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں کی جانب سے اس پر سخت ردعمل سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں سعودی نوجوان اپنے پاس کھڑی خاتون کا ہاتھ چُومتا دکھائی دِیا۔

پبلک پراسیکیوشن نے اس معاملے کا نوٹس لینے کے بعد اس واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ جس کے بعد دو خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ باقی سب لوگ آسانی سے گرفتار ہو گئے، تاہم ویڈیو میں نظر آنے والا لڑکا پولیس کو جُل دیتا رہا اور چھاپوں کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے بار بار اپنے ٹھکانے بدلتا رہا۔

آخر کار پولیس کی خصوصی ٹیم نے اسے مشرقی ریاض کے علاقے القادسیہ کے ایک اپارٹمنٹ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے ساتھ اس وقت بھی ایک سعودی لڑکی موجود تھی۔پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افرادمیں دو خواتین اور دس مرد شامل ہیں۔ یہ تمام کے تمام سعودی شہری ہیں۔ ان کے قبضے سے شراب اور دیگر نشہ آور مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ملزمان کو سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ جو تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش کر دے گا۔