کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، مخدوم شاہ محمود قریشی

پیر 30 مارچ 2020 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا یے۔یہ بات انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ،معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادریس، سیکرٹری ہوابازی ڈویژن حسن ناصر جامی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ جنرل عامر اکرام، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اس اہم مسئلے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔کرونا وائرس کی بیرونی ممالک سے پاکستان ممکنہ آمد کے خطرے کو روکنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کی موجودہ نوعیت اور رسک اسسمنٹ کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ نے کرونا ٹیسٹنگ استعداد کار اور دیگر تیاریوں کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ الحمد للہ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائیٹس کی ممکنہ بحالی کے بعد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔