ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھر کے 10 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے،وزیر داخلہ اعجاز شاہ

پیر 30 مارچ 2020 17:18

ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھر کے 10 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ..
ننکانہ صاحب۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھرانے کے 10 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں سعودی عرب سفر کیا تھا، ان کے علاوہ دو افراد تبلیغی جماعت کے ہیں، علاقے کے تمام مکینوں کو 14 دن کے لئے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ پیر کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام متاثرہ افراد کو کھانے پینے کا سامان گھروں میں پہنچا دیا ہے تاحال کسی اور شخص میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں 3 اضافی فیلڈ اسپتال قائم کئے گئے ہیں، ان اسپتالوں میں مشترکہ طور پر 160 افراد کے علاج کی گنجائش ہے، اس کے علاوہ 17 قرنطینہ سینٹرز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں 1600 افراد کی گنجائش ہے، خدانخواستہ حالات خراب ہونے کی صورت میں 40 مزید جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کو بطور قرنطینہ استعمال کیا جا سکے، قائم کردہ آئیسولیشن سینٹر میں 53 بیڈز کی جگہ موجود ہے، 4 ہائی ڈپینڈینسی یونٹ بھی بنائے گئے ہیں، ان میں وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی موجود ہے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ ہم عوام کی حفاظت کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں، میری عوام سے درخواست ہے کہ گھروں پر رہیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں، اس وائرس کا مقابلہ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، امید ہے کہ جلد ہم اس مصیبت پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔