ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی

آپ کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے ، آپ ہمارے ہیرو ہیں،ہماری پولیس، ہماری افواج، آپ جو کردار ادا کر رہے ہیں پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے ژ* مخیر حضرات آپ نے کسی بھی آڑے وقت میں پاکستان کی قوم کو مایوس نہیں کیا ۵ہمیں چاہیے ایمان، ہمیں چاہیے نوجوان اور ان کو ملا کے جیتے گا پاکستان،وزیر خارجہ کا قوم کے نام ویڈیو پیغام

جمعرات 2 اپریل 2020 21:40

ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شاہ محمود ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں آپ کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے - آپ ہمارے ہیرو ہیں،ہماری پولیس، ہماری افواج، آپ جو کردار ادا کر رہے ہیں پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر خارجہ نے موجودہ وبائی چیلنج کے حوالے سے پاکستانیوں کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ مخیر حضرات آپ نے کسی بھی آڑے وقت میں پاکستان کی قوم کو مایوس نہیں کیا۔

زلزلہ ہو، سیلاب ہو آپ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا آج ایک دفعہ پھر امتحان کا سامنا ہے آپ وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیے۔حکومت جو آپ کو اس وبا سے بچنے کیلئے، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سمیت مختلف ہدایات دے رہی ہے خدا کیلئے ان پر عمل کیجئے یہ احتیاط آپ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

روابط کو موثر بنانے کیلئے حکومت نے نیشل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔

اس کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایرا کی بلڈنگ میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ہم موثر انداز میں آگے بڑھ سکیں ۔میڈیا کا میں خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم آگے بڑھ ہی نہیں سکتے۔اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے میڈیا نے اپنے سماجی پیغامات اور پروگراموں کے ذریعے جس طرح آگاہی مہم چلائی ہے وہ قابل تحسین ہے ہمیں آگے بڑھنے کیلئے آپ کا مسلسل تعاون درکار ہو گا۔ہمیں چاہیے ایمان، ہمیں چاہیے نوجوان اور ان کو ملا کے جیتے گا پاکستان۔