متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 210نئے کیسز سامنے آگئے

مملکت میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1024ہوگئی ہے، نئے آنے والے تمام مریض خطرے سے باہر ہیں: امارتی وزارتِ صحت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 اپریل 2020 00:08

متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 210نئے کیسز سامنے آگئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) چین سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وباء نے پوری دنیا میں تباہی مچارکھی ہے۔ دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 10لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 51ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسی دوران متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 210نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں متاژرہ افراد کی مجموعی تعداد 1024ہوگئی ہے۔

امارتی وزارتِ صحت نے نئے 210کیسز کی تصدیق کی ہے اس کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے آنے والے تمام مریض خطرے سے باہر ہیں اور انکی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اماراتی حکومت نے متحدہ عرب امارات میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک واپس روانہ ہونے کی اجازت دے دی، غیر ملکیوں کو روانہ کرنے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی، متاثرہ غیر ملکیوں کو فوری اپنے سفارت خانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے کی جانب سے ملک میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کیلئے خصوصی اعلان کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے، اور ملک کے تمام زمینی و فضائی رابطے بند ہیں۔ اسی باعث غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں پھنسی ہوئی ہے۔ اب اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ویزٹ اور سیاحتی ویزے پر آنے والے ایسے تمام غیر ملکی جو اپنے ممالک واپس جانا چاہتے ہیں، فوری اپنے سفارت خانوں سے رابطہ کریں۔

بتایا گیا ہے کہ امارات میں پھنسے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک روانہ کرنے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ ماہ مارچ کے دوران تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی تھی جس کا مقصد کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے وزٹ ویزہ پر آنے والے ہزاروں افراد بھی امارات میں ہی پھنس گئے ، اور اپنے پاس موجود رقم کم ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔