امارات: بیوی نے جھگڑے پر خاوند کی اُنگلیاں توڑ ڈالیں

عدالت نے شوہر اور بیوی دونوں کو جیل بھیج دیا اور 15 سو درہم کا جرمانہ بھی عائد کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 اپریل 2020 11:20

امارات: بیوی نے جھگڑے پر خاوند کی اُنگلیاں توڑ ڈالیں
فجیرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کی مقامی عدالت میں ازدواجی جھگڑے کا ایک منفرد کیس سامنے آیا ہے جس میں خاتون نے جھگڑے کے دوران خاوند کے دائیں ہاتھ کی اُنگلیاں توڑ ڈالی ہیں۔ عدالت نے خاتون کو ایک ماہ قید کی سزا سُنا دی اور اس پر 15 سو درہم کا جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خاتون کے خاوند کو بھی ایک ماہ قید اور 15سو درہم جرمانے کی سزا سُنائی ہے۔

کیونکہ خاوند نے بھی جھگڑے کے دوران بیوی پر ہاتھ اُٹھایا تھا۔سرکاری استغاثہ کی جانب سے دونوں میاں بیوی کو جھگڑا کرنے اور پُرتشدد حرکتیں کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ملزمہ بیوی نے عدالت میں اپنی صفائی میں کہا کہ ان دونوں کے دوران جھگڑا ہوا ، دونوں نے ایک دوسرے کی مار پیٹ کی۔

(جاری ہے)

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اس نے جان بُوجھ کر شوہر کے ہاتھ کی اُنگلیاں نہیں توڑیں، بلکہ جب وہ لڑائی کے دوران ایک موقع پر اپنے کمرے میں جانے کے لیے گھُسی اور شوہر کو اندر داخل ہونے سے روکنے کے لیے دروازہ بند کرنا چاہا تو اسی دوران شوہر کا ہاتھ دروازے کے درمیان آنے سے اُس کی اُنگلیاں کُچلی گئیں، اس میں اس کا کوئی قصور نہیں ہے۔

اس واقعے کے بعد وہ مقامی پولیس اسٹیشن گئی اور خاوند کے خلاف رپورٹ درج کرائی تو پتا چلا کہ اُس کا خاوند اس معاملے میں پہلے ہی رپورٹ درج کرا کے اس پر بازی لے گیا تھا۔ اس موقع پر خاتون کی وکیل نے ا س کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی جس میں بتایا گیا تھا کہ ملزمہ کی مار پیٹ کے باعث وہ اتنی زخمی ہے کہ اگلے 20 روز تک کوئی کام نہیں کر سکتی۔دوسری جانب شوہر کا کہنا تھا کہ دراصل اس واقعے سے پہلے بھی اس اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد وہ علیحدگی کی خاطر عائلی عدالت چلے گئے تھے۔

جس کی وجہ سے وہ ایک گھر میں رہتے ہوئے بھی ذہنی طور پر ایک دوسرے سے دُور ہو گئے تھے۔ اسی کیفیت میں یہ پُرتشدد واقعہ ہوا۔ پہلے پہلے انہوں نے اُونچی آواز میں ایک دوسرے سے خوب بحث کی ، تلخی بڑھنی پر دونوں ہاتھا پائی پر اُتر آئے جس دوران انہوں نے ایک دوسرے کی کھُل کر پٹائی کی۔تاہم عدالت نے دونوں کو پُرتشدد رویہ اپنانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے قید اور جرمانے کی سزا سُنا دی۔ فیصلے کے خلاف میاں بیوی نے اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے۔