کرونا سے نمٹنے کے لیے بھارت کا جدید آلات کی خریداری کا فیصلہ

بھارت کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کرنے والے ممالک سے سامان خریدے گا،ذرائع

جمعہ 3 اپریل 2020 13:49

کرونا سے نمٹنے کے لیے بھارت کا جدید آلات کی خریداری کا فیصلہ
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) بھارت جرمنی، جنوبی کوریا اور چین سے ان جدید ترین آلات کو خریدنے پر غور کررہا ہے جن کی مدد سے ان ملکوں نے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے جرمنی میں اپنے سفارت خانہ کو ہدایت دی کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کی فوراً نشاندہی کریں اور ضروری طبی آلات اور ٹیکنالوجی کے حصول کے سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات چیت شروع کردیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی مصدقہ تعداد ڈھائی ہزار اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستر سے زیادہ پہنچ چکی ہے۔ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بھارت میں یہ وبا بہت جلد تیسرے مرحلے میں پہنچ سکتی ہے۔ حالانکہ بعض ماہرین کو شبہ ہے کہ کووڈ انیس وبا بھارت میں تیسرے یعنی کمیونٹی انفکشن کے مرحلے میں پہنچ چکی ہے لیکن چونکہ یہاں متاثرین کی جانچ بہت کم تعداد میں ہورہی ہے اس لیے حقیقی صورت حال سامنے نہیں آسکی ہے۔