جاوید میانداد کا سپاٹ فکسرزکو پھانسی دینے کا مطالبہ

پی سی بی کی جانب سے ایسے کھلاڑیوں کو معافی دینا درست نہیں :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 اپریل 2020 14:50

جاوید میانداد کا سپاٹ فکسرزکو پھانسی دینے کا مطالبہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اپریل 2020ء ) سابق قومی کپتان جاوید میانداد نے مطالبہ کیا ہے کہ سپاٹ فکسرز کو پھانسی لگا دی جائے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ویڈیو میں 62 سالہ جاوید میانداد نے میچ فکسرز کیخلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ منفی سرگرمیوں کے سبب ملک کا نام بدنام کرنے والوں کو پھانسی لگا دینی چاہیے، سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو سخت سزائیں دی جائیں، یہ تمام چیزیں ہماری مذہبی تعلیمات کے بھی سراسر منافی ہیں، اس میں ملوث لوگوں سے سخت رویہ اپنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی حمایت کرنے والوں کو بھی خود شرمسار ہونا چاہیے، پی سی بی کی جانب سے ایسے پلیئرز کو معاف کرنا درست نہیں، سپاٹ فکسرز کو پھانسی پر لٹکا دینا چاہیے کیونکہ وہ بھی کسی دوسرے فرد کو قتل کرنے کے مترادف جرم کرتے ہیں، انہیں سزا بھی اسی طرح کی ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

جاوید میانداد نے مزید کہا کہ انسانی بنیادوں پر بھی اس طرح کی سرگرمیاں کسی طرح قبول نہیں ہیں، جو لوگ سپاٹ فکسنگ اور جوئے میں ملوث ہیں، وہ اپنے والدین اور اہل خانہ سے بی مخلص نہیں ہوتے، ایسے لوگوں کو زندہ رہنے کا بھی کوئی حق نہیں، فکسنگ میں ملوث پلیئرز کو پیسے بناتے ہیں اور پھر معافی پانے کے بعد اپنے ذرائع استعمال کرکے پھر واپس آجاتے ہیں۔

انہوں نے کرکٹرز پر زوردیا کہ منفی سرگرمیوں کی بجائے انہیں پرفارمنس سے اپنا نام بنانا چاہیے، کرکٹ وہ کھیل ہے جوخوشیاں پھیلاتا ہے، جب آپ سنچری بنائیں تو پوری قوم اس کا جشن مناتی ہے، ہم نے جب ورلڈ کپ 1992ء جیتا تو پوری دنیا نے ہماری ستائش کی تھی۔