جنوبی بحرالکاہل کے جزیرے وانوآتومیں شدید سمندری طوفان کے باعث تباہی

پیر 6 اپریل 2020 13:11

جنوبی بحرالکاہل کے جزیرے وانوآتومیں شدید سمندری طوفان کے باعث تباہی
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) جنوبی بحرالکاہل کے جزیرے وانوآتومیں شدید سمندری طوفان کے باعث تباہی ہوئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طوفان میں 215 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں سے کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔مقامی حکام کے مطابق کیٹگری۔5 کے طوفان ہیرلڈ کے نتیجہ میں کسی کے ہلاک و زخمی ہونے کی فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

وانا آتو ریڈ کراس کی سربراہ جیکولین ڈی گیلانڈے کے مطابق طوفان کے باعث سانما صوبے میں بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔واضح رہے کہ اسی جزائر پر متشمل اس ملک کی آبادی دولاکھ چھہتر ہزار کے قریب ہے۔ حکام کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے جاری لاک ڈائون اور ہنگامی حالت کے نفاذ کے باعث طوفان سے نقصانات کا اندازہ لگانے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کے خطرے کے پیش نظر لاک ڈائون میں ایک روز قبل نرمی کی گئی تھی تاکہ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔