گندم کی خریداری،کھیت سے گودام تک پہنچانے کی فوری حکمتِ عملی بنائی جائے، شہباز شریف کا پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب

منگل 7 اپریل 2020 15:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیرصدارت زراعت سے متعلق ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

منگل کو مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے زراعت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں کاشتکاروں کے فائدے کیلئے تجاویز ایک صدقہ جاریہ کا درجہ رکھتی ہیں، ہم نے سیاست کو ایک طرف رکھ دیا ہے، ہم سب صرف پاکستانی ہیں اور سب شہری برابر ہیں، کورونا کے خلاف جنگ ایک امتحان ہے اور اس نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اور معاشرے کے تمام پہلو اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہے، اس وقت سب سے بڑا چیلنج گندم کی کٹائی اور کھیت سے گودام تک اسے پہچانا ہے، گندم کی خریداری، امدادی قیمت، کھیت سے گودام تک کا سفرکیسے طے ہو گا ان پر فوری تیاری کی ضرورت ہے، گندم خریداری کے وقت لوگوں کا ہجوم نہ لگے، ان کی محنت بھی ضائع نہ ہو، اس کی فوری حکمتِ عملی بنائی جائے۔