پی آئی اے کی کراچی سے خصوصی چارٹرپروازیں چلانے کی تیاریاں شروع

فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یار و مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے، سی ای او پی آئی اے

بدھ 8 اپریل 2020 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) پی آئی اے نے کراچی سے خصوصی چارٹر پرواز یں آپریٹ کر نے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور کراچی سے لندن، مسقط اور دبئی کی پروازیں شیڈول کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی آئی نے دنیا کے مختلف ملکوں میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے کراچی سیخصوصی پرواز یں چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، ذرائع کے مطابق پی آئی اے کراچی سے لندن،مسقط،دبئی کیلئے خصوصی پروازیں چلائے گی ،مختلف ملکوں کیلئے خصوصی پروازیں 13 اپریل تک جاری رہیں گی۔

پی آئی اے کی جانب سے 13اپریل تک کا کراچی سے پروازوں کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔12اپریل کو کراچی لندن اور مسقط کی3 پروازیں شیڈول ہیں جبکہ 13 اپریل کو کراچی سے لندن دبئی کی پروازیں بھی شیڈول کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم وطنوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان اور قومی کوآرڈی نیشن کمیٹی تمام معلامات کو مانیٹر کر رہے ہیں، دیگر ممالک میں پھنسے مسافروں نے ایک وڈیو پیغام میں حکومت اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

وطن واپسی پر مسافروں کو 24 گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹل میں آئسولیٹ کیا جائے گا، جہاں ان کا سویب ٹیسٹ لیا جائے گا۔سی ای او ارشد ملک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پی آئی اے ہر قومی خدمت میں ایک قدم آگے کھڑی ہوتی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑی پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سرانجام دے گی، فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یار و مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے۔