برطانوی شہزادہ ولیم،شہزادی کیٹ کی کورونا وائرس کی وباء کے دوران ہسپتالوںاور شعبہ صحت کے عملے کے بچوں سے وڈیو کالز پر بات چیت

جمعرات 9 اپریل 2020 14:27

برطانوی شہزادہ ولیم،شہزادی کیٹ کی کورونا وائرس کی وباء کے دوران ہسپتالوںاور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران خدمات سرانجام دینے والے ہسپتالوں، شعبہ صحت اور دیگر شعبوں کے عملے کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے سکولوں میں بچوں سے وڈیو کال پر بات کر کے خوشیاں بکھیر دیں۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کو روکنے کے لیے اس وقت برطانیہ سمیت دنیا بھر میں سکول بند ہیں لیکن ہسپتالوں، صحت اور دیگر شعبوں کے عملے کے بچوں کی دیکھ بھال کے سکول کھلے ہیں۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے شمالی برطانیہ کے علاقہ برن لے کے کاسٹرٹرن پرائمری اکیڈمی کے بچوں کے ساتھ وڈیو کالز پر بات کی اور ان کے ساتھ ہنسی مذاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے والدین جو خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے سکول کے عملے کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور اسی طرح محنت جاری رکھیں۔