دُبئی میں لوگوں کے ممنوعہ اجتماعات کی نگرانی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شروع ہو گئی

ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں پٹرولنگ ہیلی کاپٹر ایک رہائشی عمارت کی چھت پر جمع لوگوں کو خبردار کر رہا ہے، جس کے بعد محفل جمائے لوگ فوری طور پر منتشر ہو جاتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اپریل 2020 14:22

دُبئی میں لوگوں کے ممنوعہ اجتماعات کی نگرانی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020 ء) دُبئی کی حکومت کی جانب سے لوگوں کو گھروں پر بیٹھنے اور چھوٹے بڑے اجتماعات سے روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میںStay Homeکے تحت آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ تاہم بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ابھی تک کورونا وائرس کے خطرناک نتائج کو ماننے سے گریز کر رہے ہیں۔ ان لوگوں کی جانب سے گھروں میں یا گھروں کی چھتوں پراکٹھے ہو کر گپ شپ لگائی جاتی ہے یا دوسری تفریحات سے وقت گزاری کی جا رہی ہے۔

ان غیر ذمہ دار لوگوں میں بڑی گنتی تارکین وطن کی ہے۔ دُبئی پولیس نے لوگوں کو غیر ضروری طور پر اکٹھا ہونے سے روکنے کے لیے اب پٹرولنگ ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے۔ہیلی کاپٹرز سے پٹرولنگ کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک رہائشی عمارت کی بالکونی (ٹیرس) پر کچھ لوگ جمع ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم جونہی پٹرولنگ ہیلی کاپٹر ز کی جانب سے اُردو زبان میں انہیں فوری طور پر منتشر ہونے کا کہا گیا تو یہ لوگ پہلے تو بوکھلا کر دائیں بائیں دیکھنے لگے پھر جب ان کی نظر کچھ دُور آسمان پر پڑی تو دُبئی پولیس کا ہیلی کاپٹر دیکھ کر یہ غیر مُلکی حیران رہ گئے اور فوری طور پر منتشر ہو کر سیڑھیوں سے نیچے چلے گئے۔

سماجی دُوری کی خلاف ورزی کرنے والے ان لوگوں پر وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گی کہ چھت پر بیٹھ کر بھی یہ پولیس کی نظروں میں آ جائیں گے۔دُبئی پولیس کے مطابق لوگوں کو اجتماعات سے روکنے کے لیے ہیلی کاپٹرز کاعملہ اُردو، انگریزی اور عربی زبانوں میں اعلانات کر رہا ہے۔ جس کا مقصد کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سماجی دُوری کے ضابطے کی پابندی کروانا ہے۔

اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ان زبانوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جو خصوصاً تارکین وطن کی سمجھ میں آ سکیں۔ کیونکہ مملکت میں جاری کرفیو اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے باوجود کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ لوگوں کا احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا اور سماجی دُوری کو نظر انداز کرنا ہے۔ حکام کی جانب سے لوگوں کو بار بار تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ گھروں تک ہی محدود رہیں اور کسی اشد ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔

دُبئی پولیس کی جانب سے اعلان کیاگیا ہے کہ جو لوگ کرفیو احکامات کی خلاف ورزی کریں گے یا ان کا مذاق اُڑائیں گے، انہیں گرفتار کرنے کے بعد ان کی تصاویر اور دیگر تفصیلات میڈیا پر بھی شیئر کی جائیں گے اور دُبئی پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان کی تشہیر کی جائے گی۔ تاکہ ان افراد کی شرمساری سے دیگر افراد بھی عبرت حاصل کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قید اور جرمانے کی سزائیں بھی بھُگتنا ہوں گی۔