ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے امداد میں مزید اضافہ کر دیا

پاکستان کیلئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 5 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری دیدی گئی

جمعرات 9 اپریل 2020 20:11

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے امداد میں مزید اضافہ کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2020ء) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 5 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری دیدی ۔جمعرات کو جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ سے حکومت پاکستان کے کورونا کیخلاف اقدامات کیلئے مختص کی گئی ہے، امدادی رقم سے اسپتالوں ، تشخیصی لیبارٹریوں ، طبی سہولیات کو مستحکم کرنے کے لئے طبی سامان کی خریداری میں مدد ملے گی ۔

اعلامیہ میں کہاگیاکہ یہ فنڈز حکومت پاکستان کی درخواست پر جاری کئے جارہے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ سال پاکستان میں قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے یہ فنڈ خصوصی طور پر قائم کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق فنڈ کا قیام ملک میں زلزلے اور سیلاب کی تباہ کاریوں کیخلاف بروقت اقدامات کیلئے قائم کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق بینک پاکستان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، یہ فنڈز کورونا کے خلاف پاکستان کی لڑائی کے لئے اے ڈی بی کی معاونت کا سلسلہ کا حصہ ہیں بینک پاکستان کی مالی امداد کے علاوہ 5 ہزار ڈاکٹرز نرسوں اور دیگر عملے کی کورونا وائرس کے علاج کیلئے تربیت میں بھی مدد فراہم کرے گا ۔

دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی جانب سے آئندہ ہفتہ پاکستان کیلئے 1.4 ارب ڈالر کی امدادمتوقع ہے، یہ امدادکوروناوائرس کی وباء سے پیداہوانے والی معاشی سست روی کے ماحول میں بجٹ معاونت اورزرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ کیلئے استعمال ہوگی۔پاکستان کی حکومت نے گزشتہ ہفتہ ریپڈفنانسنگ انسٹرومنٹ کے تحت آئی ایم ایف سے مالی معاونت کے سلسلہ میں رابطہ کیاتھا تاکہ کورونا وائرس سے معیشیت پرپڑنے والے منفی اثرات کو کم کیاجاسکے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کی ریزیڈنٹ نمائندہ ٹیریزا دابان سانچیزنے سعودی اخبارعرب نیوزکوبتایا کہ درخواست موصول ہونے کے بعد سے ہماراپاکستان کے ساتھ رابطہ ہے،پاکستان کو 1.4 ارب ڈالرکی امداد آئندہ ہفتہ متوقع ہے۔ ریپڈفنانسنگ انسٹرومنٹ آئی ایم ایف کے رکن ممالک کو مالی معاونت کی جلد فراہمی کا ایک نظام ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف پاکستان کی وزارت خزانہ سے مل کرکام کررہاہے تاکہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ پاکستان کے پاس اتنے وسائل ہوں کہ وہ مشکل وقت میں کام چلاسکے۔

1.4 ارب ڈالرکی امداد پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 6 ارب ڈالرکی معاونت کے علاوہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اورحکام آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈسہولت کے معاونتی پروگرام کے تحت اصلاحات کے عمل میں پرعزم ہیں۔