آئی پی ایل کا جولائی میں بند دروازوں کے پیچھے انعقاد کا امکان

21روزہ لاک ڈاؤن ختم ہونے پر حکومتی ہدایات کے تحت حتمی فیصلہ کیا جائیگا :ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 12 اپریل 2020 13:35

آئی پی ایل کا جولائی میں بند دروازوں کے پیچھے انعقاد کا امکان
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اپریل 2020ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل کا رواں برس جولائی میں بند دروازوں کے پیچھے انعقاد کیا جا سکتا ہے البتہ اس بارے میں حتمی فیصلہ بی سی سی آئی حکام اور فرنچائز اسی وقت کریں گی جب 21 روزہ لاک ڈاؤن ختم ہونے پر حکومت کی جانب سے نئی ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 29 مارچ سے شروع ہونے والا ایونٹ 15 اپریل تک موخر کیا گیا لیکن موجودہ حالات میں ایسا کوئی امکان نہیں کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے پر بھی اس کے میچز کھیلے جائیں کیونکہ عالمی وباء کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واضح کیا کہ آئی پی ایل کو کرکٹ کیلنڈر میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے لہٰذا اس کیلئے متبادل ونڈو تلاش کی جا رہی ہے اور بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی بھی تجویز دے چکے ہیں کہ کورونا وائرس کے باعث ایونٹ کو مختصر کیا جا سکتا ہے البتہ انہوں نے بھی کوئی حتمی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کا انعقاد بند دروازوں کے پیچھے رواں برس جولائی میں بھی ہو سکتا ہے جب کہ اسے سردیوں میں بھی کھیلا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ ہر سال آئی پی ایل کیلئے ونڈو مخصوص کی جاتی ہے جب دنیا کے تمام کھلاڑی اس میں اپنی شرکت ممکن بناتے ہیں لیکن رواں برس یہ امکان نہیں لہٰذا اسے جولائی یا اس کے بعد بھی کھیلا جا سکتا ہے۔