متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے ویزہ کی مدت میں دسمبر 2020 تک توسیع کر دی گئی

فیصلے کا اطلاق صرف غیر ملکی رہائشیوں کیلئے ہوگا، امارات میں ویزٹ اور سیاحتی ویزے پر موجود غیر ملکی فیصلے سے مستفید نہیں ہو سکیں گے

muhammad ali محمد علی پیر 13 اپریل 2020 20:29

متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے ویزہ کی مدت میں دسمبر 2020 تک ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل2020ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے ویزہ کی مدت میں دسمبر 2020 تک توسیع کر دی گئی، فیصلے کا اطلاق صرف غیر ملکی رہائشیوں کیلئے ہوگا، امارات میں ویزٹ اور سیاحتی ویزے پر موجود غیر ملکی فیصلے سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو خصوصی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اماراتی حکومت نے مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے ویزوں کی مدت میں رواں برس کے آخر دسمبر 2020 تک توسیع کر دی ہے۔

اعلان کیا گیا ہے کہ وہ تمام غیر ملکی رہائشی جن کے ویزوں کی معیاد اگلے کچھ روز یا کچھ ماہ کے دوران ختم ہو جانی تھی، اب ان کے ویزوں کی معیاد دسمبر 2020 تک بڑھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ایک وضاحت یہ بھی کی گئی ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صرف امارات میں مقیم رہائشیوں کیلئے ہوگا۔

وہ غیر ملکی جو اس وقت امارات میں ویزٹ یا سیاحتی ویزے پر موجود ہیں، اس سہولت سے مستفید نہیں ہو پائیں گے۔ یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ امارات کے غیر ملکی رہائشی اس وقت ملک کے اندر موجود ہیں یا باہر، ان سب کے ویزوں کی معیاد میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے حالات کی سنگینی کے باعث زمینی راستے بند کر رکھے ہیں، تاہم امارات میں پھنسے لوگوں کو ان کے ممالک واپس بھیجنے اور بیرون ممالک پھنسے اماراتی شہریوں و رہائشیوں کو ملک واپس لانے کیلئے محدود پیمانے پر پروازوں کے آغاز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔