اہم ترین حکومتی ذمہ داران کے چینی آٹا بحران میں ملوث ہونے کی خبروں اور وفاق سندھ کھینچا تانی کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی بھی مدد میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں،سہیل عباسی

بدھ 15 اپریل 2020 22:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2020ء) پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے ترجمان سہیل عباسی نے کہا کہ اہم ترین حکومتی ذمہ داران کے چینی آٹا بحران میں ملوث ہونے کی خبروں اور وفاق سندھ کھینچا تانی کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی بھی مدد میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں،لاک ڈائون سے متاثرہ لوگوں تک راشن پہنچانے کیلئے حکومت کے پاس کوئی واضح نظام ہی موجود نہیں،منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے ایک بار پھر اپنی افادیت ثابت کر دی،صرف ضلع راولپنڈی میں اب تک اڑھائی ہزار خاندانوں کو ایک ماہ راشن دے چکے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میلاد نگر ڈھوک رتہ میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پر مقامی عہدیدارعامر جاوید ،وقاص علی ،نوشو خان ،شبیر احمد ،یاسر جاوید ،ملک صفدر ،چوہدری یاسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سہیل عباسی نے کہاکہ پریشانی کے اس عالم میں اہم ترین حکومتی ذمہ داران کے چینی آٹا بحران میں ملوث ہونے کی خبروں اور وفاق سندھ کھینچا تانی نے بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور وہ حکومت کی کھل کر مدد نہیں کر رہے، مجبور ہو کر وزیراعظم کو خود اپیل کرنا پڑ رہی ہے ،لاک ڈائون سے متاثرہ لوگوں تک راشن پہنچانے کیلئے حکومت کے پاس کوئی واضح نظام ہی موجود نہیں، منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے ایک بار پھراپنی افادیت ثابت کر دی ،ٹائیگر فورس جانے کب آئے لیکن ڈاکٹر طاہر القادری کے ہزاروں انقلابی نوجوان23 مارچ کو ہی میدان میں نکل آئے تھے، یونین کونسل کی سطح پر موجود اپنی تنظیمات سے ایک موبائل ایپ کے ذریعے مستحق خاندانوں کا ڈیٹالے کر خشک راشن کے بیگ تیارکئے جاتے ہیں اور پھر انہیں غریب کی دہلیزپر ان کی عزت نفس کو مجروح کئے بغیر باعزت طریقے سے پہنچایا جاتا ہے ،صرف ضلع راولپنڈی میں اب تک 75لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان خوردو نوش اڑھائی ہزار خاندانوں میں تقسیم کیا جاچکا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مخیر حضرات ہماری مدد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کی جاسکے ۔