کمیٹی براے قومی اسمبلی ورچئل اجلاس کا پارلیمانی رہنماؤں کو اپنے اگلے اجلاس میں مدعو کرنے کا فیصلہ

بدھ 22 اپریل 2020 00:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2020ء) کورونا وائرس کے دوران قومی اسمبلی کے ورچئل اجلاس سے متعلق کمیٹی کا اجلاس قومی فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کے وزیر سید فخر امام کی زیر صدارت سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پارلیمانی امور سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر ، ڈاکٹر ظہیر الدین بابر ، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ، علی محمد خان ، اور ایم این اے سید امین الحق، ملک عامر ڈوگر ، چیف وہپ (پی ٹی آئی) ، سردار ایاز صادق اور محترمہ شاہدہ اختر علی جبکہ سید نوید قمر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

کمیٹی کے اجلاس میں ٹی آو آرز پر مفصل بحث کی گی۔ موجودہ صورتحال میں قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کے لئے کمیٹی کے ممبران میں اتفاق رائے تھا، تاہم اجلاس بلانے سے پہلے کرون وائرس کے رسک کا تعین اوران سلسلے میں انتطامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

ممبران کا موقف تھا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے ، لحاظ موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کو فعال اور موثر رکھنا ناگزیر ہے۔

کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اپنی سفارشات اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرنے سے پہلے قومی اسمبلی میں موجود تمام پارلیمانی رہنماؤں کو اپنے اگلے اجلاس میں مدعو کیا جائے اور ان کے ساتھ قومی اسمبلی کے ورچئل اجلاس بلانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے۔ کووڈ۔19کے دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل سیشن کی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تشکیل دی تھی جسے قومی اسمبلی کا ورچوئل اجلاس بلانے کے لئے اسمبلی قواعد میں ترمیم اور اجلاس کے طریقہ کار تجویز کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ کمیٹی کو ہدایت کی گی ہے کہ وہ اپنی سفارشات جلد از جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے۔