ایبٹ آباد میں تنظیم سازی کے نام پر پارٹی کو تباہ ہونے سے بچائیں

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا سابق وزیراعلیٰ سردار مہتاب احمد سے مطالبہ

جمعہ 24 اپریل 2020 10:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) سابق وزیراعلیٰ و گورنر خیبر پختونخوا اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ نظریاتی کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں، نظریاتی کارکن کسی کو پاکٹ جماعت بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے،میرا سرمایہ مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی کارکن ہیں۔ وہ گذشتہ روز مسلم لیگ ضلع ایبٹ آباد کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ناراض ارکان، سابق بلدیاتی نمائندگان اور پارٹی کارکنان کے وفد سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر مختلف وفود نے سردار مہتاب احمد خان سے مطالبہ کیا کہ ایبٹ آباد میں مداخلت کرتے ہوئے تنظیم سازی کے نام پر پارٹی کو تباہ ہونے سے بچائیں۔ وفد میں سابق تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز، سابق ضلعی کونسلر ندیم احمد مغل، سابق جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ملک شفیق اعوان، سابق سٹی صدر محمد خان سواتی، سابق تحصیل کونسلرز ریاض قریشی، حنیف عباسی، عنصر حیات عباسی کے علاوہ سید حماد شاہ، شبیر احمد سہگل اور دیگر افراد شامل تھے۔

(جاری ہے)

سردار مہتاب احمد خان نے پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کیلئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے، نظریاتی کارکنان کے اندر پائی جانی والی تشویش کو بخوبی سمجھتے اور اس سے آگاہ ہیں، پارٹی کے نظریاتی کارکن آپس میں اتفاق و اتحاد برقرار رکھیں، ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں، نظریاتی کارکنان اکٹھے ہو کر پارٹی کو منظم کریں اور نظریاتی کارکنان کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائے گا۔